دوڑنے کا انداز شخصیت کی عکاسی کرتا ہے، تحقیق

سائنس دانوں کی ایک ٹیم کی جانب سے حالیہ تحقیق میں ایسے شواہد ملے ہیں جو بتاتے ہیں کہ بھاگنے کا انداز ہر انسان کی شخصیت کے حساب سے مختلف ہوتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق Volodalen Sport Lab میں انسانی بائیو مکینکس کے ماہرین نے 80 بالغ رضاکاروں پر ایک تجربہ کیا اور معلوم کیا کہ دوڑنے کا انداز شخصیت کی کیسے عکاسی کرتا ہے۔ فرانسیسی محققین کی یہ تحقیق جریدے PLOS ONE میں شائع ہوئی ہے، جس سے پتا چلتا ہے کہ لوگوں کے دوڑنے کے مختلف انداز ہوتے ہیں جیسے کچھ آسانی سے دوڑتے ہیں، جب کہ دوسروں کے انداز میں ذرا سختی یا ہچکچاہٹ نمایاں ہوتی ہے۔ اس طرح کے مختلف انداز اگرچہ زیادہ تر جسمانی اوصاف پر مبنی معلوم ہوتے ہیں لیکن فرانس کی ٹیم نے پایا ہے کہ ایسے انداز کسی شخصیت سے بھی متعلق ہوسکتے ہیں۔ محققین کی ٹیم نے 80 بالغ رضاکاروں کو 50 میٹر کے ٹریک پر تین بار دوڑایا۔ اور ہر بار رضاکاروں کی دوڑنے کی رفتار مختلف تھی۔ محققین نے دوڑتے رضاکاروں کی ویڈیو بھی ریکارڈ کی۔دوسری جانب ہر رضاکار کا ایم بی ٹی آئی ٹیسٹ بھی لیا گیا جو کہ مریض کی شخصیات کی درجہ بندی کے لیے مخصوص ہے۔ ٹیسٹ کے ساتھ ریکارڈ شدہ ویڈیو کا استعمال کرتے ہوئے دوڑنے کے انداز کا موازنہ کیا گیا جس سے پتا چلا کہ مخصوص شخصیت کے حامل رضاکاروں میں دوڑنے کے انداز مماثل تھے جبکہ دیگر رضاکار جن کی شخصیات کے پہلو ایک دوسرے سے میل کھاتے تھے، ان میں بھاگنے کا انداز بھی ایک جیسا تھا مگر پہلے والے گروپ سے مختلف۔