انسائیکلو پیڈیا ”عقیدہ ختم نبوت“

عقیدئہ ختمِ نبوت اسلام کے بنیادی عقائد میں سے ایک ہے۔ احادیثِ مبارکہ کی روشنی میں قیامت تک مختلف ادوار میں نبوت کا دعویٰ کرنے والے کذّاب ظاہر ہوں گے۔ لہٰذا ہر دور میں ایسے کذّاب پیدا ہوئے اور فدائیانِ عقیدئہ ختم ِنبو ت نے ان کے خلاف علمی و عملی جہاد کیا۔

برعظیم پاک و ہند میں انگریزوں نے امت ِ مسلمہ کو تقسیم کرنے اور جہاد کو منسوخ کرنے کے لیے مرزا غلام احمد قادیانی کی صورت میں ایک جھوٹا مدعیِ نبوت پیدا کیا۔مرزا قادیانی نے پہلے مجدد پھرمسیح ہونے کا دعویٰ کیا،اور آخر میں نبوت کا دعویٰ کرتے ہوئے جہاد کو حرام قرار دے دیا۔مرزا غلام احمد کی کتاب ”براہین احمدیہ“ کی اشاعت کے ساتھ ہی علمائے اسلام نے تحفظِ ختمِ نبوت اور تعاقبِ تحریکِ قادیانیت کا آغاز کیا اور علمی اور عملی محاذ پرقادیانیوں کو شکستِ فاش دی۔

پیشِ نظر کتاب عقیدئہ ختم ِنبوت پر علمائے اسلام کی تحقیقی کتب و رسائل کے انسائیکلوپیڈیا کی سترہویں جلد ہے، جسے ادارئہ تحفظِ عقائدِ اسلامیہ نے شائع کیا ہے۔ عقیدئہ ختم ِنبوت کے تحفظ کی خاطر علماء اسلام کی نادر و نایاب تحقیقی تحریروں کو جمع کرنا اور انہیں جدید کمپوزنگ اور نئے انداز سے طبع کرنامفتی محمد امین قادری مرحوم ؒ (7نومبر 1972ء۔ 2 دسمبر 2005ء) کا ایک بڑا کارنامہ ہے۔ اس عظیم مقصد کے لیےمفتی صاحب مرحوم نے پاکستان بھر کے کتب خانو ں کی خاک چھانی، جہاں خود نہ پہنچ سکے وہاں اپنے معتمدین کو بھیج کر معلومات حاصل کیں۔

اکابر علماء کی علمی و تحقیقاتی خدمات جو کہ انہوں نے تحفظِ عقیدئہ ختمِ نبوت کے سلسلے میں سرانجام دیں، انھیں از سرِ نو نئی نسل کے سامنے پیش کرنے اور قادیانیت کی تاریخ اور اس کے عزائم سے نوجوان نسل کو روشناس کرانے کے لیے مفتی محمد امینؒ نے شبانہ روز کاوشیں اور انتھک محنت کرکے تحفظ ِعقیدئہ ختمِ نبوت کے سلسلے میں اپنی حیات میں اتنا مواد جمع کرلیا تھا کہ آپ کی وفات کے بعد بھی اس کی اشاعت کا سلسلہ آپ کے قائم کردہ ادارے”ادارئہ تحفظِ عقائدِ اسلامیہ“ کے تحت جاری ہے اور تادیر جاری رہے گا۔

انسائیکلو پیڈیا عقیدہ ختمِ نبوت کی تاحال 17 جلدیں شائع ہوچکی ہیں۔ ہر جلد اوسطاً پانچ سو صفحات پر مشتمل ہے۔ ان سترہ جلدوں میں تقریباً سوا صدی پر محیط علماء و مشائخِ اہلِ سنت کی علمی و عملی جدو جہد پر مشتمل 30 سے زائد کتب و رسائل شائع کیے جاچکے ہیں۔ واضح رہے کہ یہ کتب و رسائل اب صرف چند ہی کتب خانوں میں موجود ہیں اور ان میں بھی بعض مقامات پر موسمی تغیرات کا شکار ہورہے ہیں۔

اس انسائیکلو پیڈیا کی وجہ تسمیہ بیان کرتے ہوئے مفتی صاحب لکھتے ہیں:

”چونکہ مرزا قادیانی بتدریج دعوے کرتا رہا، لہٰذا اکابر علماء اہلِ سنت اُس کا علمی تعاقب کرتے رہے اور اسی مناسبت سے اپنی کتابوں کے نام بھی رکھتے رہے۔ ان اکابرین کا مرکزی نکتہ عقیدئہ ختمِ نبوت کا تحفظ ہی تھا،لہٰذا علماء اور دانشوروں سے مشورے کے بعد اس مجموعے کا نام ”عقیدئہ ختم ِنبوت“ رکھا گیا۔ مگر ان اکابرین کی کتب کے اسماء اور مواد جوں کے توں باقی رکھے گئے ہیں۔“

پیش نظر جلد بابو پیر بخش لاہوری مرحوم (1852ء۔ 1927ء) کی فتنہ قادیانیت کے خلاف قلمی کاوشوں پر مشتمل ہے۔ بابو پیر بخش کا شمار اہلِ سنت کی ان علمی شخصیات میں ہوتا ہے جنھوں نے تحریر و تقریر کے ذریعے عقیدئہ ختمِ نبوت کا تحفظ کیا۔ تبلیغِ دین و اشاعت ِ اسلام کی خاطر ابتدا میں اپنے دوست بابو چراغ دین کے ساتھ ”انجمن حمایت الاسلام“ کی بنیاد رکھی۔ پھر ”انجمن تائیدالاسلام“ قائم کی اور اس کے تحت ایک ماہنامہ ”تائید الاسلام“ جاری کیا۔

بابو پیر بخش نے مرزا قادیانی کے ہر ہر دعوے کے رد پر مستقل کتب، رسائل اور مضامین تحریر کیے اور تقاریر کیں۔ سترھویں جلد میں آپ کے ماہنامہ ”تائیدالاسلام“ میں شائع ہونے والے 27 مضامین، 12 رسائل اور 5 تقاریر شامل ہیں۔ جب کہ اس سے قبل چودھویں، پندرھویں اور سولھویں جلدوں میں بابو پیر بخش لاہوری کی 10 کتابیں، 17 مضامین اور 7 رسائل شائع ہوچکے ہیں۔

عقیدئہ ختمِ نبوت کے سلسلے کی اب تک شائع ہونے والی یہ تمام جلدیں نہایت سلیقے اور اہتمام سے شائع کی گئی ہیں اور قیمت بھی بہت مناسب ہے۔ اس انسائیکلو پیڈیا میں کتابوں کو حتی المقدور سنین کے اعتبار سے جمع کیا گیا ہے۔ جس مصنف کی سن کے اعتبار سے پہلی تصنیف ہے، اُس کی اس موضوع پر دیگر کتب کو بھی اس کے ساتھ شامل کردیا گیا ہے۔ اگر کہیں تفاوت ہے تو اس کی وجہ اشاعت کے وقت کتاب کی عدم دستیابی ہے۔ اس بات کا بھی اہتمام کیا گیا ہے کہ مصنفین کے حالاتِ زندگی اور کتاب کا مختصر تعارف پیش کردیا جائے۔

مفتی صاحب مرحوم ؒنے ان نادر و نایاب کتب کو ازسرِنو شائع کرکے اسلاف کے کارناموں کو حیاتِ نو عطا کردی ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مفتی محمد امین قادری ؒ کی قبر پر اپنی کروڑہا رحمتوں کا نزول فرمائے۔ آمین