لاہور:بے مثل لوگ بے مثال شہر

ساحر لدھیانوی کے شہر سے تعلق رکھنے والے ناول نگار ہرکیرت کورچاہل 2005ء سے کینیڈا میں مقیم ہیں۔ آپ کی کئی کتب شائع ہوچکی ہیں۔ ایک عرصے سے ننکانہ صاحب جانے کا ارمان تھا۔ بیٹے کی شادی کی تقریب میں لدھیانے آئیں تو اپنے پنجابی ناول ’’تیجی مخلوق‘‘ کی تقریب رونمائی کے لیے جنوری 2020ء میں لاہور آئیں۔ پاکستان میں آپ کی خوب آئو بھگت ہوئی اور آپ پاکستانیوں کی مہمان نوازی کی قائل ہوگئیں۔

بعدازاں آپ نے پنجابی زبان میں لاہور کا سفرنامہ لکھا جس میں اپنے تجربات اور جذبات سمودیئے۔ اس سفرنامے کو اردو زبان میں عرفان مجید نے ڈھالا ہے اور غلام محی الدین نے نظرثانی کی ہے۔ سفرنامے میں جزئیات نگاری اور مرقع کشی کے عمدہ نمونے ملتے ہیں۔ قاری سفرنامہ نگار کے ساتھ ساتھ سفر کرتا ہے۔ علمی و ادبی سرگرمیوں میں آپ کا وقت گزرا۔ سفرنامے میں جابجا رنگین تصاویر بھی ہیں۔ ترجمہ سادہ، رواں اور عام فہم زبان میں کیا گیا ہے۔ یہ سفرنامہ اردو ادب میں ایک خوب صورت اضافہ ہے۔

سفرنامے میں کئی دلچسپ اور افسوسناک واقعات ملتے ہیں۔ واہگہ بارڈر پر انڈین اہلکاروں نے درشت لب و لہجے میں بات کی، ناروا سلوک کیا جس سے وہ سخت پریشان ہوئیں، اس کے برعکس پاکستانی عملے نے خوش مزاجی سے ان کا استقبال کیا۔ پاکستان میں آپ نے خوب سیرو سیاحت کی اور آپ کی خوب آئو بھگت ہوئی۔ لاہور نے ناول نگار کو سفرنامہ نگار بھی بنادیا۔