بزرگ صحافی، ادیب، دانشور اور ماہنامہ اردو ڈائجسٹ کے مدیر الطاف حسن قریشی کا سفرنامۂ حجاز ’’قافلے دل کے چلے‘‘ کے عنوان سے معروف اشاعتی ادارے قلم فائونڈیشن انٹرنیشنل کے چیئرمین اور روحِ رواں علامہ عبدالستار عاصم کی نگرانی میں شائع ہوکر مارکیٹ میں دستیاب ہے۔ الطاف حسن قریشی نے اپنی زندگی میں متعدد بار حج کی سعادت حاصل کی، لیکن اس کتاب میں صرف دو حج کی روداد بیان کی گئی ہے۔ اس سفرنامے میں مناسکِ حج کے بارے میں ضروری اور اہم معلومات کے ساتھ ساتھ عقیدت اور محبت کی خوشبو بھی قاری کو ایک دلفریب اور پُرکیف سفر پر لے جاتی ہے، جہاں بہت پُراثر اور حیرت انگیز واقعات ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔ مجیب الرحمن شامی، اوریا مقبول جان، عطا الحق قاسمی اور سجاد میر نے کتاب پر اپنی اپنی رائے کا اظہار بہت خوب صورت انداز میں کیا ہے۔ الطاف حسن قریشی کے سازِ دل سے پھوٹنے والے حُسنِ اسلوب سے ایک روحانی سفر کی روداد جس انداز سے رقم ہوئی ہے وہ صرف الطاف صاحب کا خاصہ ہے۔ اس خوب صورت کتاب کے سرورق پر خانہ کعبہ کی دلکش تصویر کتاب کی خوب صورتی میں بے پناہ اضافہ کرتی ہے۔ مضبوط جلد، عمدہ کاغذ، بہترین کتابت اور طباعت اضافی خوبیاں ہیں۔ ایک طویل عرصے بعد سفرنامۂ حجاز کی صف میں ایک منفرد اور بے مثال عشق و محبت میں ڈوبے قلم کا شاہکار منظرعام پر آیا ہے جو ہر خاص و عام میں پذیرائی پائے گا۔ اس کتاب کے حصول کے لیے قلم فائونڈیشن کے دفتر واقع یثرب کالونی بینک اسٹاپ والٹن روڈ لاہور کینٹ سے رابطہ فرمائیں، یا خط لکھیں۔ آپ فون کال کے ذریعے بھی کتاب منگوا سکتے ہیں، جس کے لیے موبائل نمبر 0300-0515101 پر رابطہ فرمائیں۔ ہمارے ای امیل ایڈریس qalamfoundation2@gmail.com پر بھی آرڈر بک کرایا جاسکتا ہے۔