ڈاکٹر عبدالرئوف رفیقی کا تعلق بلوچستان کے شہر چمن سے ہے۔ آپ بلوچستان کے پہلے محقق ہیں جنہوں نے اقبالیات پر پی ایچ ڈی کی ہے۔ اردو، انگریزی، عربی،فارسی اور پشتو زبانوں پر عبور حاصل ہے۔ قریباً اکتالیس کتب شائع ہوچکی ہیں۔ کشمیر کے ایک اسکالر محمد سرفراز نے آپ پر ایم فل کا مقالہ لکھا ہے۔
2003ء میں آپ نے ’’افغانستان میں اقبال شناسی کی روایت‘‘ پر پی ایچ ڈی کی۔ زیر نظر کتاب 2003ء سے 2020ء تک کی تحقیق کا حاصل ہے۔
اس کتاب میں افغانستان کے اکتالیس شاعروں، ادیبوں اور محققین کا ذکر کیا گیاہے جو اقبال کی شاعری اور فکر سے متاثر ہوئے اور انہوں نے اقبال پر تحقیقی و تخلیقی کام کیا۔
افغان مصنّفین کی عربی، فارسی، پشتو اور دری تخلیقات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ مختلف اقتباسات مع ترجمہ بھی نقل کیے گئے ہیں۔ اس کتاب میں مصنّفین کی تصاویر، سوانحی معلومات اور کتابوں کے سرورق کا عکس بھی دیا گیا ہے۔ اس کتاب کے صفحہ 37 پر علامہ اقبال کی ایک نایاب تصویر ہے جو کابل کے فوٹو گرافر نے کھینچی تھی۔ اس کتاب پر پروفیسر ڈاکٹر معین الدین عقیل نے نظرثانی کی ہے۔ امید ہے کہ اقبال شناسی کے حوالے سے یہ کتاب بہت اہم ثابت ہوگی۔