نابغہ روزگار شخصیت پروفیسر محمد شفیع ملک کی بصیرت افروز قیادت میں ٹریڈ یونین تحریک کے فروغ اورمحنت کش طبقے کی تعلیم و تربیت اور صنعتی تعلقات کے اسلامی ماڈل کے فروغ کے لیے مثالی اور گراں قدرخدمات
اِس سال 7 اکتوبر کو ملک میں ٹریڈ یونین تحریک کے رہنماؤں اور محنت کشوں کو تعلیم و تربیت کی سہولیات فراہم کرنے والے ملک کے اوّلین اور نامور ادارے پاکستان ورکرز ٹریننگ اینڈ ایجوکیشن ٹرسٹ (We Trust) پاکستان کے قیام کے 40 برس کامیابی سے مکمل ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ وی ٹرسٹ کا قیام ملک کے معروف ماہر تعلیم، عظیم المرتبت مزدور رہنماء، مزدور قوانین اور صنعتی تعلقات کے موضوع پر متعدد کتابوں کے مصنف پروفیسر محمد شفیع ملک کی کاوشوں کی بدولت 17 مئی 1983ء کو کراچی میں عمل میں آیا تھا۔ محمد شفیع ملک میں ہمیشہ ملک و قوم کی خدمت کا بھرپور احساس جاگزیں رہا ہے۔ لہٰذا اپنی اسی فکرِ فردا کی بدولت انہیں گزشتہ چھ دہائیوں کے دوران مختلف تعلیمی، قومی، صنعتی، تجارتی اور کاروباری اداروں میں ٹریڈ یونین تحریک کے قیام اور ملک گیر سطح پر لیبر فیڈریشن کی داغ بیل ڈالنے، انہیں منظم کرنے اور نہایت کامیابی سے منزل مقصود پر پہنچانے میں ایک خاص ملکہ اور خداداد صلاحیت حاصل ہے۔
آپ نے1954ء میں ٹریڈ یونین تحریک کی دنیا میں قدم رکھا تھا اور پاکستان اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ صنعت ذیل پاک سیمنٹ فیکٹری حیدرآباد میں ”سیمنٹ لیبر ایسوسی ایشن“ کی بنیاد سے ٹریڈ یونین کے اپنے طویل سفر کا آغاز کیا تھا۔ اسی طرح آپ نے محنت کش طبقے کو تعلیم و تربیت فراہم کرنے کی غرض سے 1956ء میں حیدرآباد شہر میں ”پاکستان ورکرز ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ“بھی قائم کیا تھا، لیکن اُس دور کے پُرآشوب حالات میں یہ فلاحی ادارہ بوجوہ اپنا فعال کردار ادا نہ کرسکا۔ پروفیسر محمد شفیع ملک ابتدا میں حیدرآباد اور ٹنڈوالہیار میں اسکول اور کالج کی سطح پر شعبہ تدریس سے وابستہ رہے تھے۔ اس دوران طلبہ کو زیورِ علم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ آپ نے حیدرآباد شہر میں طلبہ کو درپیش تعلیمی مسائل، اور سہولیات کے فقدان کا ادراک کرتے ہوئے فروغِ تعلیم کی غرض سے علامہ اقبال ہائی اسکول لطیف آباد اور 1965ء میں غزالی ڈگری کالج بھی قائم کیا تھا جو الحمدللہ اب گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج بن چکا ہے۔
پروفیسر محمد شفیع ملک نے ٹریڈ یونین تحریک کے اپنے ابتدائی سفر کے دوران حیدرآباد میں جانب دار اور ٹریڈ یونین دشمن ضلعی انتظامیہ اور بعض مزدور دشمن طاقتور آجران کی جانب سے سخت مزاحمت اور رکاوٹوں کا نہایت مردانہ وار انداز میں مقابلہ کیا تھا۔ آپ کو ملک کے محنت کش طبقے کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنے مخلص اور وفا شعار ساتھیوں کے تعاون سے نومبر1969ء میں کراچی میں ایک ملک گیر مزدور تنظیم نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان(NLF) کی بنیاد رکھنے کا منفرد اعزاز بھی حاصل ہے، جو گزرتے وقت کے ساتھ اب ملک کی ٹریڈ یونین تحریک میں ایک مضبوط اور تناور درخت کی شکل اختیار کرچکی ہے۔
پروفیسر محمد شفیع ملک کے ذہن میں طویل عرصے سے ملک کی ٹریڈ یونین تحریک کو نظری و فکری رہنمائی فراہم کرنے اور محنت کش طبقے کی تعلیم و تربیت کے ذریعے کردار سازی اور انہیں مزدور قوانین اورصنعتی تعلقات کے اسلامی ماڈل کے زیور سے آراستہ کرنے کا منصوبہ انگڑائیاں لے رہا تھا۔ چنانچہ اپنے اس عظیم مقصد کو عملی جامہ پہنانے کے لیے آپ نے اپنے ساتھیوں کی مشاورت سے 1983ء میں پاکستان ورکرز ٹریننگ اینڈ ایجوکیشن ٹرسٹ پاکستان کے قیام کا فیصلہ کیا۔ وی ٹرسٹ کے قیام کے اصولی فیصلے کے بعد پہلے مرحلے میں حکومت کے مقررہ قوانین کے تحت ٹرسٹ کی باقاعدہ رجسٹریشن کی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ اس ضمن میں ٹرسٹ کے قیام کی جملہ دستاویزات کی تیاری اور محکمہ سماجی بہبود،حکومتِ سندھ میں اس کی رجسٹریشن کرانے کے لیے ممتاز ماہر قانون شمس الدین خالد احمد ایڈووکیٹ ہائی کورٹ نے کلیدی کردار ادا کیا تھا اور وی ٹرسٹ کی باقاعدہ رجسٹریشن 17 مئی 1983ء کو عمل میں آئی تھی۔ وی ٹرسٹ کے تاسیسی ارکان میں رانا محمود علی خان(حیدرآباد)، سید زاہد عسکری، برجیس احمد، سید ریاض عالم، چودھری احمد خان، عبدالرحمٰن چھاپرا، شمس الدین خالد احمد ایڈووکیٹ، سید افتخار احمد، زین العابدین، سکندر حیات، سعید الحسن اور آصف مسعود شامل تھے۔
پاکستان ورکرز ٹریننگ اینڈ ایجوکیشن (ٹرسٹ) پاکستان کے قیام کے اغراض ومقاصد میں قرآن و سنت کی روشنی اور صنعتی تعلقات کے اسلامی ماڈل کے مطابق آجر برادری اور مزدوروں کے باہمی تعلقات استوار کرنا، آجر اور اجیر کے حقوق و فرائض میں توازن برقرار رکھنا، ٹریڈ یونین تحریک اور صنعتی تعلقات کے موضوع پر ملکی اور بین الاقوامی سطح پر سیمیناروں اور سمپوزیم کا انعقاد کرنا، اسلامی تعلیمات کے مطابق مزدور طبقے کے حالاتِ کار کو بہتر بنانا، اخلاقی تربیت کے ذریعے ان کی کردار سازی کرنا، ملک کے صنعتی، تجارتی اور کاروباری اداروں میں خدمات انجام دینے والے محنت کشوں کو مزدور قوانین، صنعتی تعلقات اور ٹریڈ یونین کے شعبے میں ضروری تعلیم اور تربیت فراہم کرنے کے لیے وقت کے تقاضوں کے مطابق نصاب تیار کرنا شامل تھا۔
چناچہ اس مقصد کے حصول کے لیے پروفیسر محمد شفیع ملک نے وسیع تحقیق اور عرق ریزی کے ذریعے ایک تربیتی نصاب مرتب کیا تھا جس میں اسلام کا مطلوب انسان (قرآن و احادیث کی روشنی میں)، اسلامی معاشرت کے بنیادی تصورات، پاکستانی معیشت عام آدمی کے نقطہ نظر سے، اشیائے صرف کی قیمتوں میں اضافے کے اسباب، پاکستان میں مزدور تحریک، بین الاقوامی مزدور تحریک، اسلامی ملک میں مزدور تحریک کے فرائض، ٹریڈ یونین تنظیم اور منصوبہ بندی، پُرامن اور پائیدار صنعتی تعلقات کا قیام، کمپنی کی بیلنس شیٹ کا مطالعہ، عصر حاضر کے مسائل، فکر اقبال اور مزدور اور یوم مزدور- یوم مئی یا یوم خندق جیسے اہم موضوعات شامل تھے۔
وی ٹرسٹ کا اولین اجلاس 17 اکتوبر 1983ء کو ملک کے معروف دینی و سماجی ادارے فاران کلب انٹرنیشنل کے بانی معروف سماجی و رفاہی اور مخیرشخصیت عبد الرحمٰن چھاپرا کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا تھا۔ جبکہ قیام کے ابتدائی برسوں میں وی ٹرسٹ کا پہلا دفتر کمرہ نمبر 27- الآمنہ پلازہ ایم اے جناح روڈ کراچی میں قائم کیا گیا تھا۔اگرچہ اپنے قیام کےابتدائی برسوں میں وی ٹرسٹ کو ضروری فنڈز کی قلت، نامساعد حالات اور وسائل کی کمی کا سامنا رہا۔لیکن ان نامساعد حالات کے باوجود پروفیسر محمد شفیع ملک کی قیادت میں وی ٹرسٹ کے احباب میں کچھ کرگزرنے کا جذبہ اور بھرپور توانائی بدرجہ اتم موجود تھی۔ لہٰذا وقت کے ساتھ ساتھ وی ٹرسٹ کے نیک اورعظیم مقاصد کے حصول کے لیے قافلے میں مزید مخلص اور بے لوث حضرات شامل ہوتے چلے گئے اور کارواں اپنی منزل کی جانب رواں دواں رہا۔
بعد ازاں پروفیسر محمد شفیع ملک اور ان کے احباب کی جہدِمسلسل کے نتیجے میں ادارہ ترقیات کراچی (KDA) کی جانب سے نومبر 1984ء میںپاکستان ورکرز ٹریننگ اینڈ ایجوکیشن( ٹرسٹ) رجسٹرڈ پاکستان کو گلشن اقبال کراچی میں 1293مربع گز پرمشتمل ایک وسیع قطعہ اراضی الاٹ کردیا گیا۔بعد ازاں 1995ء میں وی ٹرسٹ کا دفتر کمرہ نمبر27۔الآمنہ پلازہ ایم اے جناح روڈ سےموجودہ جگہ وی ٹرسٹ کمپلیکس پلاٹ نمبر ST-2/3 بلاک 5 گلشن اقبال کراچی منتقل کردیا گیا تھا، جہاں ضروری وسائل اور فنڈز میسر آتے ہی رفتہ رفتہ وی ٹرسٹ کے دفاتر، بورڈ روم،سیمینار ہال اور لائبریری کی تعمیرات کے منصوبے کا آغاز ممکن ہوا، اور الحمدللہ وی ٹرسٹ کمپلیکس کی تکمیل کے لیے شروع کیا گیا یہ تعمیری منصوبہ بالآخر2004 ء میں پایہ تکمیل کو پہنچا۔
وی ٹرسٹ کے زیر اہتمام پروفیسر محمد شفیع ملک کےفکر انگیزقلم سےتخلیق کردہ ٹریڈ یونین تحریک اور محنت کشوں کے لیے مرتب کردہ فکری اورنظریاتی لٹریچر اوردیگراہم کتب میں ”پاکستان کی مزدور تحریک۔ایک نظریاتی مطالعہ“، ”قومی لیبر پالیسی“، ”پاکستان کے محنت کشوں کا قومی چارٹر“، ”یوم مئی یا یوم خندق۔ ایک تحقیقی جائزہ“، ”صنعتی تعلقات کا اسلامی ماڈل“، ”پاکستان میں انجمن سازی کی آزادی اور اجتماعی سودے کاری“، ”مزدور تحریک،صنعتی تعلقات اور اسلام کا عدل اجتماعی( سید مودودی کی نظر میں)“، ”اسلامی مزدور تحریک کی سفر کہانی(خود نوشت)“، ”نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان (NLF) کی گولڈن جوبلی سیمینار رپورٹ“، ”اسلام کا طرزِ حکمرانی علامہ اقبال کی نظر میں،(ماہر اقبالیات احمد جاوید کا تفصیلی لیکچر)“، ”نگہ بلند،سخن دلنواز،جاں پر سوز۔زین العابدین، شبیر حسین۔ اسلامی مزدور تحریک کا بے تیغ سپاہی“ اور”مزدورتحریک کا لازوال کردار۔پاشا احمد گل شہید“ شامل ہیں۔
پاکستان ورکرز ٹریننگ اینڈ ایجوکیشن پاکستان کے زیر اہتمام1983ء میں اس کے قیام سے اب تک ملک میں مثبت ٹریڈ یونین تحریک کے فروغ میں فعال کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ مزدور رہنماؤں اور محنت کشوں کے لیے تعلیمی و تربیتی پروگراموں کے انعقاد سمیت بے شمار دینی، ادبی اور سماجی تقریبات اور ٹریڈ یونین تحریک کے موضوع پر ملکی و غیر ملکی سطح کے سیمیناروں کا انعقادکیا جاچکا ہے۔
پروفیسر محمد شفیع ملک کی زیر نگرانی خدمات انجام دینے والے محنت کشوں کے فلاحی ادارے وی ٹرسٹ کا انتظام و انصرام ایک 17 رکنی بورڈ آف ٹرسٹیز کے سپرد ہے، جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نامور اور مختلف پیشہ ورانہ شعبوں سے وابستہ سماجی و رفاہی شخصیات شامل ہیں۔ پروفیسر محمد شفیع ملک وی ٹرسٹ کے بانی اور چیئرمین کی حیثیت سے نمایاں طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ ملک کے معروف مزدور رہنماء اور سابق صدر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان رانا محمود علی خان (حیدر آباد) اور انجینئر سلمان اشرف وی ٹرسٹ کے وائس چیئرمین، ممتاز معالج ڈاکٹر فواد احمد سیکریٹری اور ضیاء الحق گیلانی فنانس سیکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ بورڈ آف ٹرسٹیز کے دیگر ارکان میں ٹریڈ یونین اور دیگر پیشہ ورانہ شعبوں سے وابستہ معروف اور وسیع تجربہ کار شخصیات برجیس احمد(سابق مرکزی رہنماء پیاسی یونینPIA)، سید زاہد عسکری (پاکستان اسٹیل مل)، چودھری احمد خان (کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس)، سید ریاض عالم(پاکستان اسٹیل مل)، عطاء محمد تبسم(صحافی، مصنف اور تجزیہ نگار)، نسیم احمد (کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس)، سید محمد فرحان (شعبہ اکاؤنٹس)، نعمان پٹیل (شعبہ انجینئرنگ)، کاشف عبدالرحمٰن(شعبہ کاروبار)، محمد فہیم صدیقی (سیمنس انجینئرنگ پاکستان)، مغیث صدیقی(شعبہ انجینئرنگ) اور فدا محمد خان (شعبہ تعلیم) شامل ہیں۔
1293مربع گز کے رقبے پر قائم وی ٹرسٹ کمپلیکس گلشن اقبال کراچی کی دو منزلہ عمارت میں پاکستان اسٹیل مل کے ایک مقبول اور معروف مزدور رہنماء پاشا احمد گل شہید سے منسوب بورڈ روم کے علاوہ 120 نشستوں پر مشتمل سمعی و بصری آلات سے مزین ائرکنڈیشنڈ عبدالمجید ضیاء سیمینار ہال اور مختلف موضوعات کی سیکڑوں کتابوں پر مشتمل ایک وسیع ریفرنس لائبریری بھی قائم ہے۔ یہ ریفرنس لائبریری پروفیسر محمد شفیع ملک کے اعلیٰ علمی و ادبی ذوق کی مکمل آئینہ دار ہے جو قرآن کریم، تراجم و تفاسیر، مجموعہ احادیث، سیرت النبی، فقہ، تحریک پاکستان، پاکستانیات، تاریخ اسلام، معاشیات، سیاسیات، تاریخ، مزدور قوانین، تاریخِ اسلام، عالمی ادارہ محنت (ILO) کی مطبوعات، لیبر کوڈ آف پاکستان، لیبر پالیسیز، جاپان اور یورپی ممالک میں رائج مزدور قوانین اورصنعتی تعلقات، وزارتِ محنت و افرادی قوت،حکومت ِپاکستان کے شائع کردہ لیبر گزٹ آف پاکستان، ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان(EFP) کے شائع کردہ انڈسٹریل ریلیشنز جرنل، عدالتی نظائر اور اہم فیصلے،اردو،انگریزی لغات، اردو اور انگریزی انسائیکلوپیڈیاز، شعبہ محنت، معروف شخصیات کی سوانح حیات اور ملک کی معروف شخصیات کی حیات و خدمات پر مشتمل نادر و نایاب کتب کے ذخیرے پر مشتمل ہے۔
وی ٹرسٹ کے زیر اہتمام عبدالمجید ضیاء سیمینار ہال میں پیشہ ورانہ یونیورسٹیوں کے طلبہ کی کوچنگ کلاسز اورمختلف یونیورسٹیوں میں طلبہ کے داخلوں کی تیاری کے لیے کلاسزکے انعقاد، ٹریڈ یونین تحریک کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں،نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے تنظیمی پروگراموں سمیت دیگر دینی،ادبی اور سماجی موضوعات پر باقاعدگی سے پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔
وی ٹرسٹ کے زیر اہتمام اور پروفیسر محمد شفیع ملک کی ادارت میں مئی 1989 ء سے محنت کے شعبے میں ایک ماہنامہ جریدہ ”الکاسب“ کراچی بھی باقاعدگی کے ساتھ شائع کیا جارہا ہے جو وفاقی حکومت و صوبائی حکومت کے تحت قائم محنت کشوں کی فلاح وبہبود کے قومی و صوبائی اداروں EOBI,WWF، چاروں صوبوں کے ادارہ ہائےسماجی تحفظ(ESSI)، چاروں صوبوں کے محکمہ محنت و انسانی وسائل، نیشنل لیبر فیڈریشن (NLF)پاکستان کے مرکزی اور ملک بھر کے دفاتر،عالمی ادارہ محنت(ILO) پاکستان اسلام آباد، ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان (EPF)،غیر منافع بخش جرمن فاؤنڈیشن فریڈرک ایبرٹ سٹفٹنگ(FES) اسلام آباد سمیت مختلف ٹریڈ یونینوں اور لیبر فیڈریشنوں کے عہدیداران، دانشوروں، صحافیوں اور یونیورسٹیوں کے اساتذہ کرام کو باقاعدگی کے ساتھ ارسال کیا جاتا ہے۔
پاکستان ورکرز ٹریننگ اینڈ ایجوکیشن ٹرسٹ پاکستان نے پروفیسر محمد شفیع ملک کی بصیرت افروز رہنمائی اور ولولہ انگیز قیادت میںگزشتہ 40 برسوں کے دوران ملک کےصنعتی، تجارتی اور کاروباری اداروں میں مثبت ٹریڈ یونین کے فروغ، پرامن صنعتی تعلقات کو پروان چڑھانے،ٹریڈ یونین تحریک کے لیے بیش بہا نظریاتی لٹریچر کی تیاری، تعلیم و تربیت اور محنت کش طبقے کے حقوق کی حفاظت اور ٹریڈ یونین تحریک میں صنعتی تعلقات کے اسلامی ماڈل کے تصور کو پروان چڑھانے کے لیے مثالی اور گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔