ادار یہ

اداریہ بنیادی طور پر جرنلزم (Journalism) کی اصطلاح ہے۔ وہ تحریر جو کسی اخبار یا رسالے کا ایڈیٹر حالات حاضرہ کے سلسلے میں یا کسی ہنگامی اور فوری پیش آمدہ مسئلے پر اس لئے لکھے کہ قارئین ان مسائل پر توجہ دیں، اداریہ کے نام سے موسوم ہے۔ کارل جی ملر نے اداریئے کی یہ تعریف کی ہے۔
’’اداریہ‘‘ اس مضمون کو کہتے ہیں جو کسی ہنگامی موضوع پر لکھا گیا ہو اور اس میں قاری کی سوچ ایسی راہ پر ڈالنے کی کوشش کی گئی ہو جو مضمون نگار کے خیال میں صحیح راہ ہے۔ اداریہ نویس قاری کو ایسے نقطہ نظر سے متفق کرنے کی کوشش کرتا ہے جس سے قاری قائل ہوجائے اور موافق ردعمل ظاہر کرے۔ اداریہ نویس مختلف ترغیبی طریقوں سے کام لے کر قاری کے جذبات و احساسات کو جائز طور پر متاثر کرتا ہے‘‘۔
(پروفیسر انور جمال، ادبی اصطلاحات)