اسلام کے بنیادی عقائد و ارکان

اسلام کے بنیادی عقائد و ارکان کا جاننا اور سمجھنا ہر مسلمان کی بنیادی ضرورت ہے، ان عقائد و ارکان کو جانے بغیر ایک مسلمان کی زندگی بسر کرنا ناممکن ہے۔ یہ بنیادی عقائد و ارکان اسلام کی بنیاد و اساس ہیں اور اس کی عمارت انھی بنیادوں پر استوار ہے۔

صفیہ بی بی بنیادی طور پر ایس وی ٹیچر ہیں۔ انہوں نے اپنے دل کی لگن اور جذبے و شوق سے یہ کتاب ترتیب دی ہے۔ اس سے قبل ’’آدابِ نماز‘‘ کے عنوان سے ایک مختصر کتاب ترتیب دے چکی ہیں۔

عصر حاضر کو دورِ فتن سے بھی موسوم کیا جاتا ہے، ایسے دور میں ہر فرد کو اپنے ایمان و اسلام کی سلامتی کی فکر کے ساتھ ایسے افراد اور لٹریچر سے کنارہ کشی اختیار کرنا ہی بہتر ہے جو اسلام اور اس کے اصولوں کے بارے میں شکوک و شبہات پھیلا کر گمراہی کا ذریعہ بنتے ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فتنوں سے نجات کے لیے قرآن و سنت سے وابستگی کا پیغام دیا۔

یہ کتاب دینِ اسلام کے بنیادی عقائد و ارکان کے بارے میں پھیلائے گئے شکوک و شبہات کے خاتمے اور اس پر پختہ ایمان و ایقان کا ذریعہ ہے۔ نیز کتاب کی تالیف میں مستند مآخذ استعمال کیے گئے ہیں۔ آخر میں دو ضمیمے بھی شاملِ کتاب ہیں۔ قادیانیت کے بارے میں سعودی فقہی کونسل کا فتویٰ اور عقائد و ارکانِ اسلام کے بارے میں کلام اقبال سے چند اشعار بھی شاملِ کتاب ہیں۔ کتاب مختصر ہونے کے باوجود اپنے مضامین اور موضوعات کے اعتبار سے دلچسپ اور لائقِ تحسین ہے۔

’’اسلام کے بنیادی عقائد و ارکان‘‘ ایک مختصر مگر جامع انداز میں ترتیب دی گئی کتاب ہے جسے مکتبہ تعمیر انسانیت نے خوب صورت گیٹ اپ کے ساتھ طباعت و اشاعت کے مراحل سے گزارا ہے۔ عمدہ کاغذ اور خوب صورت سرورق کے ساتھ کتاب اچھی طبع ہوئی ہے۔