پاکستان کیسے بنا، تحریکِ پاکستان کے مقاصد کیا تھے، قائداعظم نے قیامِ پاکستان کے لیے کیا تگ و دو اور جدوجہد کی، انگریز اور ہندو کی ریشہ دوانیوں سے کیسے نمٹا، مسلمانانِ ہند نے اسلامی مملکت کے قیام کے لیے کیسے جدوجہد کی اور کیا قربانیاں دیں؟؟؟ یہ اور اس طرح کے بہت سے سوالات کے جواب دیتی ہوئی یہ انمول کتاب فرزانہ چیمہ نے چھوٹے بچوں کے لیے لکھی تاکہ انہیں تحریک قیامِ پاکستان کے مقاصد سے آشنا کیا جائے۔
فرزانہ چیمہ کا قلم رواں اور شستہ ہے اور تحریکی ادب میں خاطر خواہ اضافے کا باعث۔ انہوں نے جتنا لکھا اچھا لکھا، اور تحریکی ادب یعنی اسلامی ادب کی آبیاری کو اپنا مطمح نظر بنایا۔ ان کی یہ مختصر کتاب تاریخ و تحریکِ پاکستان کے باب میں اچھا اضافہ اور بچوں کے لیے دلچسپی کا سامان لیے ہوئے ہے۔ کتاب کے آخر میں چند ملّی نغمے بھی شامل ہیں جو پڑھنے اور سننے والوں کی دل کی دھڑکنیں تیز کرتے ہیں اور حُبِّ وطن کو بڑھاوا دیتے ہیں۔ کتابیات کے عنوان سے اُن کتب کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں جن کی مدد سے یہ مختصر کتاب تیار کی گئی ہے۔ ادارہ ادبیات نے کتاب کو اپنے روایتی انداز میں طباعت و اشاعت سے گزار کر پیش کیا ہے اور قیمت بھی زیادہ نہیں۔