شبیر احم دشاہ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی پر پابندی

بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے اسیر راہنما شبیر احمد شاہ کی جماعت ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی پر پانچ سال کے لیے پابندی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ پارٹی کے منقولہ و غیر منقولہ اثاثہ جات کو قبضے میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارت کی وزارتِ داخلہ نے یہ پابندی عائد کرتے ہوئے جماعت پر پاکستان کی حمایت اور بھارت مخالف سرگرمیوں کا الزام عائد کیا ہے۔

ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کا قیام 1998ء میں شبیر احمد شاہ کی سربراہی میں عمل میں آیا تھا،اُس وقت سے یہ تنظیم حریت کانفرنس کی ایک سرگرم اکائی ہے۔ پابندی کے آرڈر میں شبیر احمد شاہ پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ بار بار یہ کہتے ہیں کہ کشمیر ایک متنازع مسئلہ ہے اور اس کا حل دستورِ ہند کے دائرے میں نہیں نکالا جا سکتا۔ اس طرح وہ دستورِ ہند کو تسلیم نہیں کرتے، اور اس کے علاوہ بھی وہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں جو بغاوت کے زمرے میں آتی ہیں۔ اس جماعت کے کارکن بھی بھارت مخالف تحریک میں پیش پیش ہوتے ہیں۔

شبیر احمد شاہ کو انسانی حقوق کے عالمی ادارے ضمیر کا قیدی قرار دے چکے ہیں اور وہ 2017ء سے مقید ہیں۔ شبیر احمد شاہ کشمیر میں طویل ترین قید کاٹنے والے راہنما ہیں اور اُن قیدیوں میں شامل ہیں جن کے ساتھ جیلوں میں ناروا سلوک روا رکھا جاتا ہے۔ زندگی کا زیادہ تر حصہ جیلوں میں گزارنے والے شبیر احمد شاہ 1990ء کی دہائی کے آغاز میں کشمیر کے مقبول ترین راہنما تھے، بعد میں بھارتی حکومت نے انہیں جیل میں بند کردیا۔ شبیر احمد شاہ کے اہلِ خانہ ان کی صحت کے حوالے سے اکثر خدشات اور خطرات کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔ ٖڈیموکریٹک فریڈم پارٹی سے پہلے جماعت اسلامی، پیپلز لیگ، جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ سمیت آزادی اور حریت کی بات کرنے والی کئی تنظیموں کو ممنوعہ قرار دیا جا چکا ہے اور ان سب جماعتوں کے قائدین اور کارکن جیلوں میں بند ہیں۔ اسی دوران مقبوضہ کشمیر میں قیدیوں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کے حوالے سے ایک اہم رپورٹ منظرعام آئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی جیلوں میں محبوس سیاسی قیدیوں کے حالات قابلِ رحم ہیں۔ ان میں اکثر لوگ صحت کے مسائل کا سامنا کررہے ہیں، اور اس کی وجہ ناقص غذائیں، علاج کی ناکافی سہولیات، ذہنی تعذیب اور نفسیاتی ٹارچر کے مختلف طریقے ہیں۔ اس وقت جیلوں میں سڑنے والے سیاسی اسیروں میں 1990ء کی دہائی کے مقبول کشمیری راہنما جنہیں ایمنسٹی انٹرنیشنل ضمیر کا قیدی قرار دے چکی ہے، شامل ہیں۔ محمد یاسین ملک، نعیم خان، آسیہ اندرابی، قاسم فکتو، مسرت عالم بٹ، انسانی حقوق کے علَم بردار خرم پرویز سمیت درجنوں معروف ناموں کے علاوہ ہزاروں افراد جیلوں میں محبوس ہیں۔ محمد اشرف صحرائی اور الطاف احمد شاہ جیسے قدآور راہنما جیلوں میں ہی انتقال کرگئے اور انہیں علاج کی سہولیات فراہم کرنے سے صاف انکار کیا جاتا رہا۔ محمد یاسین ملک ایسے قیدی ہیں جن کی قید سے بھارتی حکام کی تشفی نہیں ہورہی اور وہ انہیں سزائے موت دلوانے پر بضد ہیں۔ سید صلاح الدین کے بیٹے بھی اب قیدیوں میں شامل ہوچکے ہیں۔ اہلِ خانہ کو قیدیوں سے ملاقات کے لیے سوسو جتن کرنا پڑتے ہیں۔ عام شکایات ہیں کہ جیل حکام رشوت لے کر قیدیوں سے ملاقات کراتے ہیں۔ اب ہر کشمیری پر یو اے پی اے کا قانون لاگو کرنا معمول بن گیا ہے۔ یہ سیدھا سادہ غداری اور بغاوت کا قانون ہے جس کے تحت جرم ثابت ہونے پر موت اور عمر قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

کشمیری عوام اور قید وبند کا جنم جنم کا ساتھ ہے۔ 1947ء کے بعد ہی جن کشمیریوں نے بھارت کے قبضے کو قبول کرنے سے انکار کیا بھارت نے انہیں عتاب کے طور پر جیلوں میں ڈال دیا۔ یہ جیلیں صرف قید رکھنے کے لیے قائم نہیں تھیں بلکہ ان سے عقوبت خانوں کا کام بھی لیا جاتا تھا۔ کشمیریوں کے اعصاب توڑنے کے لیے جیلوں کو نازی جرمنی کے انداز میں استعمال کرنا بھارت کی حکمتِ عملی رہی ہے۔ 1970ء کی دہائی میں ایک معروف سیاسی کارکن غلام محمد بُلہ کو جیل میں اس قدر تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا کہ وہ اپنے حواس ہی کھو بیٹھا، اور بعد میں وہ بارہ مولہ کی گلیوں میں عالمِ دیوانگی میں پاکستان پاکستان پکارتا ہوا نظر آتا تھا۔ 1990ء کے بعد پیدا ہونے والے حالات میں تو ہزاروں افراد کو جیلوں میں ڈال دیا گیا اور ان قیدیوں کو آزادی کے راستے سے ہٹانے کے لیے اور ان کے اعصاب توڑنے کے لیے ہر قسم کے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کیے جاتے رہے۔ ان میں بہت سے قیدیوں کو اس قدر تشدد کا نشانہ بنایا گیا کہ وہ عملی زندگی میں دوبارہ کچھ کرنے کے قابل نہ رہے۔ ان میں سے سیکڑوں قیدیوں کو جسمانی تشدد اور سیکڑوں کو ذہنی تشدد کا نشانہ بناکر جرمِ آزادی کی سزا دی جاتی رہی۔ ان میں بڑے اور قدآور سیاسی راہنما بھی شامل تھے اور عام سیاسی کارکن بھی… ٹین ایجر لڑکے بھی اور اسّی سالہ بزرگ اور خواتین بھی۔ ان میں کئی قیدیوں نے اپنے حالات کو مضامین اور کتابی شکل میں بیان بھی کیا۔ تحریکِ آزادی کے سربرآوردہ راہنما سید علی گیلانی کی دو جلدوں پر مشتمل کتاب ’’روداد ِقفس‘‘ اس حوالے سے بہت سے روح فرسا واقعات سے بھری پڑی ہے۔ یہ قیدیوں کے ساتھ 1990ء کی دہائی میں ہونے والے سلوک کی ایک کہانی کے ساتھ ساتھ ادبی شاہکار ہے۔ انجم زمرودہ حبیب کی کتاب ’’قیدی نمبر ایک سو‘‘ بھی تہاڑ جیل میں بیتنے والے اُن کے تاریک دنوں کی کہانی ہے کہ کس طرح سیاسی قیدیوں کو عادی مجرموں کے ساتھ رکھ کر ذہنی اذیتیں دی جاتی تھیں، ان میں قتل کے مجرم اور منشیات کے عادی قیدی بھی شامل تھے۔ کشمیر کے معروف صحافی افتخار گیلانی کے تہاڑ جیل میں بیتے شب و روز کی کہانی ’’مائی ڈیز اِن پرزن‘‘ کے نام سے شائع ہوئی تھی۔ اس میں بھی کشمیری قیدیوں کے ساتھ ناروا سلوک کی داستان بیان کی گئی ہے۔ اس کتاب کا ترجمہ بعد میں ”تہاڑ جیل میں میرے شب و روز“ کے عنوان سے شائع ہوا تھا۔

سیاسی قیدیوں نے کوئی جرم نہیں کیا ہوتا، وہ مجرموں اور عام قیدیوں سے الگ سلوک کے حق دار ہوتے ہیں، مگر بھارت نے کشمیری قیدیوں کے ساتھ جو سلوک کیا وہ تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے۔ کشمیری قیدیوں کے جنازے بھی جیلوں میں اُٹھتے رہے۔ محمد اشرف صحرائی اس کی زندہ مثال ہیں۔ 74 سالہ محمد اشرف صحرائی جو کئی عارضوں میں مبتلا تھے آخر میں کورونا کا شکار ہوئے، مگر بھارتی حکام اُن کی موت کا نظارہ کرتے رہے اور انہیں عارضی طور پر بھی رہائی نہیں دی گئی اور نہ ہی اُن کے اہلِ خانہ کو تیمارداری کی اجازت ملی۔ یوں قید کی حالت میں اُن کا انتقال ہوا۔ محمد مقبول بٹ اور افضل گورو کو جیلوں میں پھانسی دی گئی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان کے جنازے بھی ورثا کے حوالے نہیں کیے گئے۔ کشمیری قیدیوں کو پیرول پر رہائی کا حق بھی نہیں دیا گیا۔ حریت راہنما ایاز اکبر تہاڑ جیل میں عرصہ دراز سے بند ہیں، اُن کی شریکِ حیات کینسر جیسے موذی مرض سے انتقال کرگئیں، ان کے والد کورونا کے باعث انتقال کرگئے مگر بھارتی حکام نے انہیں ان جنازوں میں شرکت کے لیے پیرول پر رہائی نہیں دی۔ ایسے بہت سے واقعات ہیں جب بھارت نے انسانی اور عالمی اصولوں اور اقدار کو پیروں تلے پامال کیا۔ آج بھی کشمیر کی جیلوں میں سیکڑوں قیدی سڑ رہے ہیں، ان کے انسانی حقوق کا احترام کیا جاتا ہے اور نہ ہی انہیں قیدیوں کے حقوق دیے جارہے ہیں۔ ان میں سے بہت سے قیدی جو ظالمانہ قوانین کے تحت بند ہیں یہ جان چکے ہیں کہ ان کا مقدر پھانسی کا پھندا ہے یا تمام عمر جیل میں سڑنا… کیونکہ بھارت میں کشمیر کی حد تک کوئی قانون اور آئین نہیں رہا۔ یہاں انسانی حقوق کی بات کرنے والے خرم پرویز خود ایک ایسی قید بھگت رہے ہیں جس میں وہ یا تو تمام عمر جیل میں گزاریں گے یا پھر کسی روز خاموشی سے پھانسی گھاٹ کی نذر ہوجائیں گے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارت کے ان رویوں پر خاموش ہیں۔ دنیا بھر میں قیدیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیمیں اور این جی اوز موجود ہیں مگر بھارت کے خوف یا کسی مصلحت کے تحت یہ تنظیمیں کشمیر کی طرف سے آنکھیں بند کیے بیٹھی ہیں۔