ہر چھے ماہ بعد شائع ہونے والے علمی و تحقیقی جریدے ’’الایام‘‘ کا یہ چھبیسواں شمارہ ہے، جس میں گراں قدر مقالات اور مضامین شاملِ اشاعت ہیں۔ اس کے اداریے میں نائب مدیر ڈاکٹر محمد سہیل شفیق تحریر فرماتے ہیں:
’’تاریخ شاہد ہے کہ استشراقی فکر نے روزِ اوّل ہی سے قرآن مجید اور ذاتِ رسالت مآبؐ کو (معاذ اللہ) ہدفِ تنقید بنا رکھا ہے۔ قدیم اور جدید مستشرقین نے ان دونوں حوالوں سے اعتراضات پر مبنی بے شمار کتابیں لکھیں، جن کا ہر دور میں علمائے اسلام نے مدلل جواب دیا اور علمی میدان میں ثابت کیا کہ قرآن مجید وہ واحد صحیفۂ آسمانی ہے جو کسی بھی تحریف سے پاک ہے۔ امر واقع یہ ہے کہ 2010ء سے یورپ میں عوامی سطح پر قرآن مجید کی بے حرمتی کی جو باقاعدہ تحریک چل رہی ہے اس سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ علمی میدان میں استشراقی فکرمات کھا چکی ہے، چنانچہ اب مسلمانوں کی دل آزاری کے لیے عوامی سطح پر کلام الٰہی کی بے حرمتی اور توہین کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جو امنِ عالم کے لیے نہایت خطرناک ثابت ہوسکتا ہے‘‘۔
مزید لکھتے ہیں:
’’قرآن کی بے حرمتی کرنے والے یہ بات بھول رہے ہیں کہ جو بھی قرآن کا مطالعہ کرے گا، وہ اس سے متاثر ضرور ہوگا۔ توہین آمیز حرکتیں کرکے قرآن کو مٹایا نہیں جاسکتا، کیوں کہ اس کی حفاظت کا ذمہ خود اللہ تعالیٰ نے لے رکھا ہے۔
تمام مسلمان ممالک کو باہم یک جان ہوکر مختلف عالمی فورمز پر ان توہین آمیز حرکتوں کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے اور سفارتی سطح پر اس مسئلے کا کوئی حل تلاش کرنا چاہیے، جب کہ عام مسلمانوں کو قرآن مجید کی تعلیمات کو عملی طور پر اپنانا چاہیے۔ ان کا قرآن مجید سے تعلق اس قدر مضبوط ہوکہ شاعر مشرق علیہ الرحمہ کے الفاظ میں انہیں دیکھ کر یہ کہا جاسکے کہ
قاری نظر آتا ہے حقیقت میں ہے قرآن
علاوہ ازیں احترامِ انسانیت کے سلسلے میں قرآن مجید کی تعلیمات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ اس کے لیے کانفرنسوں اور سیمینارز کا انعقاد ہونا چاہیے۔‘‘
مجلے کے محتویات درج ذیل ہیں:
(مقالات) قرطبہ، مسجد قرطبہ اور نظم مسجد قرطبہ: ڈاکٹر رفیع الدین ہاشمی، ترجمے کی روایت میں جامعہ عثمانیہ کا کردار: ڈاکٹر نگار سجاد ظہیر، جمہوریت اور اسلام کا نظم حکمرانی: محمد سلیم شیخ، مبحث الاسماء الالہیۃ، بین متکلمی الاثنا عشریۃ واہل السنۃ، خلال القرن الخامس الہجری (الجزء الثانی)، مصعب الخیر ادریس السید مصطفیٰ الادریسی۔
(تراجم) پانچویں صدی ہجری میں اثنا عشری کلامی فکر: ایک مطالعہ، (ترجمہ) سید عبیداللہ جمیل، (سفرنامہ) ایران کا ایک علمی سفر (قسط :1) عارف نوشاہی، (مکاتیب) امین راحت چغتائی بنام سید معراج جامی: سید معراج جامی۔ (تبصرہ) تجسیم احساس اور قاصرؔ: نگار سجاد ظہیر، (وفیات) مولانا سید جلال الدین عمری: رضی الاسلام ندوی، (جائزہ کتب): محمد سہیل شفیق، تاریخ خلیفہ بن خیاط (مترجم: ریحان عمر)، اسلام میں جدید رجحانات (مترجم: نگار سجاد ظہیر)، اسلامی اقتصاد کے چند مخفی گوشے (مصنف: علامہ محمد طاسین)، تذکرہ مدائنِ حدیث (مترجم: محمد اسد اللہ خالد)، گہرہائے شب چراغ (خاکے) (ڈاکٹر یونس حسنی)
English Section
ISLAMIC HISTORY: An Enquiry into its Nature and Nomenclature
Nisar Ahmed
Arab Nationalism
Hasan Beg
اس علمی و تحقیقی مجلے کا مطالعہ بہت مفید ہوگا۔ کام کرنے والوں کے لیے یہ مجلہ ایک نعمت غیر مترقبہ ہے۔ سفید کاغذ پر خوب صورت طبع ہوا ہے۔