مولانا احمد رضا خان بریلویؒ برصغیر کے ممتاز عالم دین اور مصنف تھے۔ انہوں نے ایک ہزار کے قریب کتابیں اور رسائل تحریر کیے۔ گزشتہ ایک صدی سے ان کی حیات اور خدمات کے مختلف گوشوں پر تواتر سے لکھا جارہا ہے۔ گزشتہ برس ان کے صد سالہ عرس کے موقع پر ادارہ تحقیقات امام احمد رضا، کراچی نے اس تحریری کام کا تفصیلی اشاریہ مرتب کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے جامعہ کراچی کے شعبہ اسلامی تاریخ کے سربراہ ڈاکٹر محمد سہیل شفیق کو یہ ذمہ داری سونپی، جو کتابیات، اشاریہ سازی اور فہرستِ کتب مرتب کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
زیر تبصرہ کتاب ان کی محنت اور علمی و تحقیقی مہارت کا نتیجہ ہے۔ اس کتاب میں مولانا احمد رضا خانؒ پر تحریر کردہ چودہ سو اسّی (1480) کتب اور رسائل کی تفصیلات کا اندراج کیا ہے جبکہ ضمیمے میں بھی بائیس (22) کتب کا ذکر ہے۔ یوں مجموعی طور پر سولہ سو دو (1602) کتب، مقالات اور رسائل کا احاطہ ہوگیا ہے۔ مرتب نے جدید تحقیقی اصولوں کے مطابق ہر کتاب کے خانے میں مصنف، مرتب، مؤلف، سن اشاعت، کتاب کا نام، ناشر اور صفحات کی تعداد دی ہے۔ آخر میں انگریزی اور اردو کے تفصیلی اشاریے موجود ہیں تاکہ قاری اپنی دلچسپی کا مواد آسانی سے تلاش کرسکے۔ کتاب کا مقدمہ پروفیسر مجید اللہ قادری نے لکھا ہے اور ان کے ادارے، ادارۂ تحقیقات امام احمد رضاؒ کراچی نے کتاب کی اشاعت میں بھی تعاون کیا ہے۔ یہ کتاب بجاطور پر ’’رضویات‘‘ میں نہ صرف ایک عمدہ اضافہ ہے بلکہ اپنے تحقیقی لوازمے کے اعتبار سے اس موضوع پر کام کرنے والے طلبہ، اساتذہ اور محققین کے لیے کسی انمول تحفے سے کم نہیں۔ کتاب سفید کاغذ پر خوب صورت طبع کی گئی ہے۔