اگست میں ایک رپورٹ آن لائن منظر عام پر آئی تھی جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ OpenAI کا چیٹ باٹ دیوالیہ ہونے کے دہانے پر ہے اور اس کی بنیادی وجہ زیادہ آپریشنل اخراجات سمیت دیگر تکنیکی وجوہات ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے حریف مائیکروسافٹ کے بنگ چیٹ کی طرح چیٹ جی پی ٹی کی مقبولیت بھی زوال پذیر ہے۔ ”بزنس انسائیڈر“ نے بھی اپنی رپورٹ میں لکھا کہ اگست لگاتار تیسرا مہینہ ہے جس میں چیٹ جی پی ٹی کی ویب سائٹ پر آنے والوں کی تعداد میں خاطرخواہ کمی واقع ہوئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے چیٹ باکس کی مقبولیت میں پچھلے سال اور رواں سال کے آغاز میں کمی ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ چیٹ جی پی ٹی پر صارف کی جانب سے گزارا جانے والا اوسط وقت مارچ میں 8.7 منٹ سے کم ہوکر اگست میں 7 منٹ رہ گیا ہے۔اگست میں چیٹ جی پی ٹی کی مقبولیت میں تیزی سے کمی آئی ہے۔ اگرچہ امریکہ میں ویب سائٹ پر آنے والے صارفین کی شرح میں 0.4 فیصد اضافہ ہوا ہے، تاہم دنیا بھر میں 3فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔علاوہ ازیں چیٹ جی پی ٹی امریکہ کے فیڈرل ٹریڈ کمیشن (FTC) کے زیر تفتیش ہے۔ کمیشن اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کررہا ہے کہ آیا OpenAI نے صارفین سے متعلق معلومات کے تحفظ کی خلاف ورزی کی ہے یا نہیں۔