گوگل کی ’سیف سرچ‘ فیچر متعارف کرانے کی تصدیق

ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے ’سیف سرچ‘ فیچر متعارف کرانے کی تصدیق کردی۔
رواں سال کی ابتدا میں گوگل نے اعلان کیا تھا کہ گوگل سرچ پر ’سیف سرچ‘ فیچر کا اطلاق کردیا جائے گا جس کے تحت سرچ میں سامنے آنے والی نازیبا اور تشدد پر مبنی تصاویر دھندلی ظاہر ہوں گی۔
گزشتہ روز ایشیا پیسیفک خطے میں پیرنٹل کنٹرول اور بچوں کی آن لائن حفاظت کے حوالے سے شائع ہونے والے ایک بلاگ میں گوگل نے اس بات کی تصدیق کی کہ سرچ میں کونٹینٹ کو دھندلا کرنے کا فیچر تمام صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے۔
اس فیچر سے گوگل کی بنیادی سیٹنگز کے سوا کسی چیز میں تبدیلی نہیں آئی ہے۔ اب تمام گوگل اکاؤنٹ نازیبا، تشدد پر مبنی یا نامناسب یا حساس مواد کو دھندلا کرنے والی سیف سرچ سیٹنگ کو دیکھ سکیں گے۔
اس بات سے قطع نظر کہ کونٹینٹ سائن آؤٹ اکاؤنٹ سے سرچ کیا گیا ہو یا اِن کاگنیٹو موڈ میں، اس سیٹنگ کا اطلاق ہر طرح کی گوگل سرچ پر ہوگا۔
اس نئی سیٹنگ کو صارفین بآسانی تبدیل بھی کر سکتے ہیں۔ سیف سرچ کے طے شدہ آپشن کو بند کرکے صارفین نتائج پر لگنے والے فلٹر کو ہٹا سکتے ہیں۔