شفق لاشاری کی لکھی ہوئی ’’چٹھیاں‘‘ ان کی یادداشتوں پر مبنی دل کش کہانیاں ہیں جنہیں بیان کرنے کے لیے انہوں نے چٹھیوں کا سہارا لیا ہے۔ چٹھیاں تحریر کرکے انہوں نے کُل عالم کو اپنے احساسات میں شریک کرلیا ہے۔ شفق کا بچپن، لڑکپن، جوانی ایک خوب صورت گلشن کی طرح ہے جس میں رشتوں کے مہربان سلسلے اور لاڈ پیار کے عکس ہیں۔ وہ اس باغ میں بھائیوں کو جھولا جھلا رہی ہے۔
یہ چٹھیاں اگرچہ اپنے خاندان کے گرد گھومتی ہیں، لیکن ان کے اندر خودنوشت سوانح، تاریخ، لاہور کی تہذیب و ثقافت یعنی سب کچھ موجود ہے۔
ناصر کاظمی نے کہا تھا:
نئی دنیا کے ہنگاموں میں ناصرؔ
دبی جاتی ہیں آوازیں پرانی
ٹھیک ہی تو کہا! ترقی اور تیز رفتاری نے ہمارا سکوت بھی چھین لیا اور سکون بھی۔ اور صبر کی جگہ بے صبری نے لے لی۔ آہستہ رو چیزیں معدوم ہوگئیں۔ تانگے بان، ماشکی، ڈاکیے بھولے بسرے کردار ہوگئے۔ پان دان، کوئلوں والی انگیٹھی، دروازوں کی چھتیں بھی قصہ پارینہ ہوئیں۔ ایس ایم ایس اور ای میل کے فراٹے بھرتے بے برکت دور میں اگر کوئی ماضی میں رنگی رُوح خط لکھنے پر مُصر ہے تو یہ اس دور کی خوش قسمتی ہے۔
شفق لاشاری وہی عطا یافتہ روح ہیں۔ انہوں نے شور شرابے والے حال پر خاموش ماضی کو ترجیح دی، گئے دنوں کے اتھاہ سمندر میں تہہ تک ڈوب گئیں اور جب دوبارہ سطح پر آئیں تو چٹھیوں کے انمول موتی جھولی میں بھر لائیں۔ ان چٹھیوں کو پڑھ کر لگتا ہے کہ وقت کے الائو کے گرد بیٹھے اپنے گم شدہ ماضی کی داستان الف لیلیٰ سن رہے ہیں۔ مگر جس تفصیل اور خوب صورتی سے انہوں نے آج سے پچاس برس پہلے کے ماحول، اقدار اور لاہور شہر کی زندگی کو قلم بند کیا ہے، اس میں جگہ جگہ انسانی اور خاندانی رشتوں کے جاں فزا اور دل ربا واقعات اور کرداروں کا ذکر ملتا ہے جو اب اگر نایاب نہیں تو بے حد کمیاب ضرور ہوگئے ہیں۔
شفق لاشاری کا رنگ لیے یہ تحریریں بہت ہی خوب صورت اور شان دار ہیں۔ یہ چٹھیاں ہمیں ماضی کی یاد دلاتی ہیں جو بالکل معدوم ہوچکا ہے۔
شفق لاشاری صاحبہ کی تحریروں کے متعلق ان کے بھائی کامران لاشاری جو عصر حاضر کے نام ور ترین بیورو کریٹ ہیں، لکھتے ہیں:
’’شفق کی تحریر ویسے تو ایک گھر اور گھر والوں پر مبنی ہے لیکن اس میں سب کو اپنی یادوں اور رشتوں کا عکس نظر آتا ہے۔ شفق کی روایات، رشتوں سے محبت صرف چٹھیوں میں ہی نہیں سمائی ہوتی بلکہ اس کی ساری شخصیت کا بھرپور حصہ ہے۔ رشتوں، روایات، قدروں کی قدر اور پیار کا نام شفق کی کتاب ہے۔‘‘
’’شفق رنگ چٹھیاں‘‘ قدیم روایات کا بہترین مجموعہ ہے، بہترین سرورق، عمدہ کاغذ اور حروف خوانی کا بہترین امتزاج لیے ہوئے بہت ہی زبردست کاوش ہے، جس کا استقبال ہر پڑھے لکھے فرد کو کرنا چاہیے۔