نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے بہترین معاشرے کے لیے مٹی، گارے اور وسائل سے بڑھ کر افرادِ کار کی تربیت فرمائی اور انہیں بہترین القاب سے نوازا۔ محاسن کی تحسین فرمائی اور داعیانہ حکمت و مربیانہ شفقت کے ساتھ ان کے بشری عیوب کی اصلاح و تزکیہ کیا، جس کے نتیجے میں مختصر ترین عرصے میں صحابہ کی اجتماعیت نے امت کی قیادت و سیادت کا بے مثال فریضہ سر انجام دے کر انقلابِ اسلامی کی بنیاد رکھی۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے وحیِ الٰہی کی روشنی میں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو دنیا میں ہی جنت کی بشارت دی ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک ہی مجلس میں خلفائے راشدین کے علاوہ حضرت طلحہ بن عبیداللہ، حضرت زبیر بن العوام، حضرت عبدالرحمٰن بن عوف، حضرت سعد بن ابی وقاص، حضرت سعید بن زید، حضرت ابوعبیدہ بن الجراح رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کو جنت کی بشارت دی ہے۔ ان مذکورہ صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کو عشرہ مبشرہ کے نام سے پکارا جاتا ہے۔
مصنف محترم نے انتہائی احسن، آسان اور دل نشین اسلوب میں عشرہ مبشرہ کے فضائل اور مناقب تحریر کیے ہیں۔ یہ کتاب عشرہ مبشرہ کی زندگیوں اور حالات پر علمی ذخیرہ ہے۔
کتاب کے مصنف محترم حافظ محمد ادریس کسی بھی لحاظ سے محتاجِ تعارف نہیں ہیں۔ وہ ایک طویل عرصہ جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی اور صوبائی ذمہ داریوں پر فائز رہے اور زمانہ طالب علمی میں بھی نوجوانوں کے قائد اور رہنما کا کردار ادا کرتے رہے، پھر مولانا مودودیؒ کی ہدایت پر کینیا میں اسلامک فائونڈیشن کے سربراہ کی حیثیت سے کام کرتے رہے۔(باقی صفحہ 33پر)
پاکستان آنے کے بعد مسلسل خطبہ جمعہ منصورہ مسجد میں دیتے رہے۔ خاص کر صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین ان کا خصوصی موضوع ہوتے۔
زیر نظر کتاب ”سیرت عشرہ مبشرہ“ نسلِ رواں اور مستقبل کی نسلِ کے لیے ایک بلند پایہ اور کارگر تربیتی نصاب کے درجے پر فائز ہونے والی ایک خوب صورت دستاویز ہے۔ اس یادگار تصنیف میں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی ان دس محبوب ترین شخصیات کی کراماتی زندگیوں کو تفصیلاً بیان کردیا گیا ہے جنہیں عملی و روحانی طور پر نہایت جاذبِ نظر اور دل نشین مقام حاصل ہے۔