یوٹیوب ویڈیو کا مختلف زبانوں میں ڈب کرنے کا فیچر

ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب صارفین کو مختلف زبانوں میں ویڈیو ڈب کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی فیچر متعارف کرانے جارہا ہے۔
کمپنی کی جانب سے ’وِڈکون‘ میں اعلان کیا گیا کہ پلیٹ فارم گوگل کے ایریا 120 اِنکیوبیٹر کی مصنوعی ذہانت کی ڈبنگ سروس ’الاؤڈ‘ کو ساتھ ملانے جا رہا ہے۔
الاؤڈ کی ویب سائٹ کے مطابق یہ آلہ ویڈیو کو پہلے ٹرانسکرائب کرتا ہے اور صارف کو ٹرانسکرپشن پیش کرتا ہے تاکہ اس کو دیکھا اور اس میں ترمیم کی جاسکے۔ بعد میں اس ٹرانسکرپشن کا مختلف زبانوں میں ترجمہ ہوتا ہے اور ڈبنگ ہوجاتی ہے۔
یوٹیوب کی جانب سے یہ ٹول آزمائش کے لیے سیکڑوں تخلیق کاروں کو پیش کیا گیا ہے۔ فی الحال یہ فیچر صرف انگریزی، اسپینش اور پرتگالی زبان میں موجود ہے۔ جبکہ دیگر زبانیں جلد متعارف کرا دی جائیں گی۔
محدود زبانوں کے باوجود الاؤڈ تخلیق کاروں کی بڑھتی تعداد کو اپنی ویڈیوز دیگر زبانوں میں ترجمہ کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔