ششماہی الایام کراچی علمی و تحقیقی جریدہ

ششماہی ’’الایام‘‘ ایک علمی و تحقیقی جریدہ ہے۔ یہ اس کا پچیسواں شمارہ ہے جس میں گراں قدر مقالات، مضامین اور جائزہ کتب شاملِ اشاعت ہیں۔ مدیرہ ڈاکٹر نگار سجاد ظہیر نے اپنے اداریے میں سیرت کانفرنس منعقدہ اسلام آباد میں اپنے گراں قدر خطاب میں سیر حاصل گفتگو کا خلاصہ تحریر کیا ہے۔ زیرنظر شمارے میں ایک گوشہ ڈاکٹر نثار احمد کے لیے مخصوص کیا گیا ہے، جس میں ڈاکٹر محمد سہیل شفیق نے ڈاکٹر نثار احمد کی خدماتِ سیرت پر گراں حاصل مضمون لکھا ہے، جس میں ان کے اعزازات کی تفصیل اور سیرت پر ان کی علمی خدمات کا تفصیلی تعارف کرایا ہے۔
افشاں مراد (دختر ڈاکٹر نثار احمد) نے اپنے والد پر محبت سے بھرپور تحریر لکھی ہے۔ اس کے علاوہ ابوسفیان اصلاحی، سلیس سلطانہ چغتائی کے مضامین شامل ِاشاعت ہیں۔
زیر نظر شمارے میں تراجم، مباحث، وفیات اور جائزہ کتب بھی قابلِ ذکر ہیں۔ جو شخص بھی اس عمدہ علمی و تحقیقی مجلے کا مطالعہ کرے گا اس کے علم میں اضافہ ہوگا، اِن شاء اللہ۔ جریدہ سفید کاغذ پر خوب صورت طبع ہوا ہے۔