انسائیکلو پیڈیا مکتوباتِ رحمتہ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کا ہر لمحہ روشن اور امت کے ہر مسلمان کے لیے اسوۂ حسنہ ہے۔ آپؐ کی زندگی کے بارے میں جاننا اور اس پر عمل پیرا ہونا ہر مسلمان دین و دنیا کی بھلائیوں کے حصول کا ذریعہ سمجھتا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی پر ہر زمانے میں، ہر پہلو اور جہت سے اور ہر زبان میں لکھا گیا ہے، اور تاقیامِ قیامت لکھا جاتا رہے گا کہ یہی فرمانِ خداوندی ہے اور ورفعنالک ذکرک۔

مکتوباتِ رحمتہ للعالمین کے عنوان سے علامہ عبدالستار عاصم نے حضور نبی کریمؐ سے محبت اور اخلاص کے جذبات کے ساتھ 100 سے زائد مکتوبات نہایت خوب صورت اور عمدہ طریق پر ترتیب دیے ہیں۔ کتاب کے تین حصے ہیں۔ ابتدائی حصے میں بعثتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے وقت دنیا کی حالتِ زار، عرب اور مکہ معظمہ مرکزِ اسلام کیوں؟، اسلام کی وسعت، اسباب و محرکات، ختم نبوت آپؐ پر ہی کیوں؟، حضورؐ کی ولادت باسعادت، آفتابِ رسالت کا طلوع، نبوت کا دور، حضرت سلمان ؑ کا ملکہ سبا کے نام خط، حضرت دائودؑ کا خط یوآب کے نام، بائبل، عہدنامہ قدیم و جدید میں خطوط کا ذکر، قبل از اسلام مکتوبات کی ابتدائی تحریر، اسلامی سلطنت کا قیام اور دعوتِ اسلام بذریعہ مکاتیب، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے کاتبین، رازدارانہ امور، خطوط اور دستاویز لکھنے والے صحابہ کرامؓ، مکاتیبِ گرامی کا انداز، سرکاری مکاتیب میں احتیاط، مہرِ نبوت صلی اللہ علیہ وسلم، رسولؐ اللہ کے ترجمان، یہود اور غیر ملکی زبانیں سیکھنے کا حکم شامل ہیں۔ دوسرے حصے میں مکتوبات و معاہداتِ گرامی شامل ہیں جس میں 102 مکاتیب ہیں جن میں شاہِ حبش، قیصرِ روم، پاپائے روم، خسرو پرویز شہنشاہ فارس، گورنر یمن، ہرمزان، گورنر یمامہ (ہوذہ بن علی)، شاہِ دمشق (شاہ عستانی)، رئیسِ بحرین، والی دومتہ الجندل، شاہانِ حمیر، سردارانِ یمن کے نام خطوط، جبکہ معاہدہ حدیبیہ، معاہدہ مدینہ، معاہدہ معاہدہ ثقیف، معاہدہ نجران خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں۔

آخری حصہ سفرائے فخرِ کائنات صلی اللہ علیہ وسلم اور سفارت کے عنوان سے ہے، جس میں سفارت، تاریخ وتعارف، ضرورت و اہمیت، قبل از اسلام سفارتی تعلقات، عہدِ قدیم میں سفارت کے مقاصد، رسول اکرمؐ کی سفارتی حکمت عملی کے نتائج، عہدِ جدید میں سفارت خانوں کا قیام، سلطنت ِمدینہ کے سفیر، سفرائے نبویؐ کے اسمائے گرامی کا تذکرہ شامل ہے۔

مکتوباتِ رحمتہ للعالمین میں سیرتِ رسولؐ کی خوب صورت جھلک دیکھنے کو ملتی ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جس مقصد کے لیے مبعوث ہوئے زندگی کا ہر لمحہ اس مقصد کے لیے وقف کیے رکھا۔ مکتوباتِ رحمتہ للعالمین میں اسی جذبے کی فراوانی نظر آتی ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے خطوط نہایت سادہ، مختصر اور انسانی نفسیاتی کیفیات و جذبات کے آئینہ دار ہیں۔ دعوت اور انقلابِ نبوی کو سمجھنے کے لیے یہ مکتوبات بڑی اہمیت کے حامل ہیں۔ ان مکتوبات میں عیسائی، یہودی، مجوسی اور مشرکین ہر طرح کے افراد کو مخاطب کیا گیا ہے۔ آپؐ کا اندازِ تحاطب کیا ہے؟ ان خطوط کے اثرات کیا مرتب ہوئے۔خاص طور پر مکتوبات کا تاریخی پس منظر اور مکتوب الیہ پر مرتب ہونے والے اثرات، مکاتیب پر لکھے گئے تحقیقی حاشیے نہایت محنت کی ساتھ تیار کیے گئے ہیں، نیز اُن سفیر صحابہ کرام کے حالاتِ زندگی اور جن حکمرانوں کی طرف مکتوباتِ گرامی لے کر گئے ان کا تعارف خاصے کی چیز ہے۔مکتوباتِ رحمتہ للعالمین نہایت محبت و عقیدت، محنت اور عرق ریزی کے ساتھ ترتیب دیے گئے ہیں، جن کا مطالعہ دل و دماغ کو روشن اور قلب کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت سے سرشار کرتا ہے۔ سیرتِ رسولؐ پر کام کرنے والے حضرات کے لیے یہ عمدہ لوازمہ ہے۔ طباعت و اشاعت اچھی اور قیمت بھی مناسب ہے۔