ماہرینِ نفسیات کا کہنا ہے کہ والدین کو چاہیے کہ وہ 6 برس سے کم عمر کے بچوں کو فون، ٹیبلٹ اور کمپیوٹر اسکرین کو استعمال کرنے یا اس سے کھیلنے کی اجازت نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ جو چھوٹے بچے پابندی سے اسمارٹ فونز، ٹیبلٹ یا کمپیوٹر اسکرینز کا سامنا کرتے ہیں وہ مزاجاً چڑچڑے ہونے کے ساتھ ساتھ ان کے اندر کسی کام یا چیز پر توجہ مرکوز کرنے میں کمی آنے کے علاوہ ان کی یادداشت کی صلاحیت بھی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ اس حوالے سے امریکہ کی جان ہوپکنز یونیورسٹی کے تربیت یافتہ ماہر نیورو فزیو لوجسٹ ڈاکٹر الوارو بیلابو کے مطابق 6 برس سے کم عمر بچے اُن نوجوان بچوں سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں جو یہ آلات استعمال نہیں کرتے۔ انہوں نے اپنی کتاب انڈر اسٹینڈنگ یور چائلڈ برین میں کہا کہ اسکرینز بلاشبہ ہمارے بچوں کی پہنچ میں ہیں کیونکہ اب یہ آلات ہماری زندگی کا حصہ ہیں لیکن میرے خیال میں بہتر یہ ہے کہ یہ اشیا آہستہ آہستہ انہیں دی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ گیجٹس بہت کمسنی میں نہ دیے جائیں تو بہتر ہے۔