گوگل نے یوٹیوب پر 6 ہزار سے زائد چینی چینل ہٹادیے

گوگل نے سال کی پہلی سہ ماہی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے یوٹیوب سے 6ہزار ایسے چینل ڈیلیٹ کردیے ہیں جو چین سے تعلق رکھتے ہیں۔
یہ چینل چینی حکمتِ عملی کے تحت ایک گروپ ڈریگن بِرج سے تعلق رکھتے تھے جن کا کام دنیا بھر میں چینی اثر رسوخ بڑھانا تھا۔ ان چینلز اور بلاگز پر چینی زبان میں موسیقی، تفریح اور لائف اسٹائل پر مواد زیادہ تھا جبکہ ذیلی طور پر امریکہ چین تعلقات، امورِ خارجہ پر بھی ویڈیوز اور بلاگ تھے جو انگریزی اور چینی زبان میں پوسٹ کیے گئے تھے۔
گوگل کے مطابق یہ انفرادی کوشش نہیں بلکہ منظم طور پر ایک بڑے گروہ کی کارروائی ہے۔ اسے گوگل کے نظام نے کئی بار شناخت کرکے اسپیم بھی قرار دیا تھا۔ گوگل نے یہ بھی بتایا کہ اس نے کل 100000 ڈریگن بِرج اکاؤنٹ ڈیلیٹ کیے ہیں جن میں بلاگ اور یوٹیوب چینل بھی شامل ہیں۔ ان میں سے کئی ایڈسینس کے ذریعے رقم بھی بنارہے تھے۔