امجد اسلام امجد

اُن کے بالمقابل مکان میں میرے دوست حفیظ الرحمٰن احسن مقیم تھے۔ کبھی کبھی اُن کے ہاں جاتا، تو امجد سے بھی ملاقات ہوجاتی، وہ چائے پلاتے اور شاعری بھی سناتے

اورینٹل کالج میں امجد اسلام مجھ سے ایک کلاس پیچھے تھے۔ میرا سیشن 1964ء-1966ء کا تھا، اور اُن کا1965ء-1967ء۔ یونی ورسٹی کے طلبہ میگزین ”محّور“ کی ادارت میں بھی یہی صورت تھی۔ راقم میگزین بورڈ کا چیئرمین اور محّور کا چیف ایڈیٹر منتخب ہوا۔ اگلے برس محّور امجد اسلام کی ادارت میں شائع ہوا۔

جب وہ سالِ اوّل میں داخل ہوئے، غالباً ستمبر 1965ء میں… یونی ورسٹی کے اندر اور بیرونی کالجوں میں بھی ہونے والے مشاعروں میں شعبۂ اُردو اور اورینٹل کالج کی نمائندگی کرنے لگے۔ بعض اوقات شاعری کے انعامی مقابلوں میں اوّل یا دوم انعام بھی لے آتے۔

راقم نے 1967ء-1969ء کا زمانہ متفرق مصروفیات میں گزارا (میونسپل ڈگری کالج چشتیاں، ایف سی کالج لاہور، ہفت روزہ ”آئین“ لاہور، ماہ نامہ ”سیّارہ“ لاہور، ماہ نامہ ”اُردو ڈائجسٹ“ لاہور)۔ چونکہ زیادہ تر لاہور میں رہا، اس لیے اِس عرصے میں وقتاً فوقتاً ملاقات ہوجاتی تھی۔ وہ ایم اے او کالج میں لیکچرر ہوگئے تھے۔ اُس زمانے میں وہ فلیمنگ روڈ پر رہتے تھے۔ اُن کے بالمقابل مکان میں میرے دوست حفیظ الرحمٰن احسن مقیم تھے۔ کبھی کبھی اُن کے ہاں جاتا، تو امجد سے بھی ملاقات ہوجاتی۔ وہ چائے پلاتے اور شاعری بھی سناتے۔ فلیمنگ روڈ پر ہی پروفیسر آقا بیدار بخت رہتے تھے۔ وہ شاعری میں امجد کے استاد تھے اور کرکٹ میں بھی۔ آقا صاحب امجد کے ساتھ خود بھی کرکٹ کھیلا کرتے۔

آقا بیدار بخت بڑی خوبیوں کے بزرگ تھے۔ ایک اعتبار سے وہ امجد اسلام کے محسن تھے۔ آقا صاحب نے دارالعلوم شرقیہ کے نام سے ایک پرائیویٹ تعلیمی ادارہ قائم کررکھا تھا۔ اُس زمانے میں بی اے کا امتحان پرائیویٹ طور پر نہیں ہوتا تھا۔ پہلے عربی، فارسی اور پنجابی میں سے کسی ایک زبان پاس کرنا پڑتا، پھر انگریزی اونلی کا، پھر آپ آگے بڑھ سکتے تھے۔ اسے ”وایا بٹھنڈا“ کہتے تھے۔ آقا صاحب نے اس راستے سے سیکڑوں نوجوانوں کو سول سروس میں بھیجا۔ امجد اسلام امجد کو مطالعے سے دلچسپی تھی، آقا صاحب اُسے پڑھنے کے لیے کتابیں دیتے اور کہتے: لے جاؤ اور پڑھو۔

آقا صاحب کو خدا جنت نصیب کرے۔ پرانے وقتوں کی بات ہے، تحریکِ آزادیِ کشمیر کے مجاہد سیّد علی گیلانی حصولِ تعلیم کے لیے سری نگر سے لاہور آئے تھے۔ آقا صاحب کے ادارے میں داخل ہوگئے۔ آقا صاحب نے اندازہ لگایا ہوگا کہ باصلاحیت لڑکا ہے۔ گیلانی مرحوم لکھتے ہیں: ”انھوں نے بغیر فیس لیے مجھے ادیب عالم میں داخلہ دے دیا حالاں کہ ابتدائی درجہ ادیب تھا“۔ آقا صاحب نے علی گیلانی کو کلاسیکی شاعری پڑھائی۔ وہ آقا صاحب کے مدّاح تھے۔ بتانے کا مقصد یہ ہے کہ آقا صاحب ہر ایک کی حوصلہ افزائی کرتے تھے۔ امجد اسلام نے ان سے یہ بات سیکھی اور اسے آگے منتقل کردیا، مثلاً: امجد نے اوریا مقبول جان کو ڈرامانگاری پر لگا دیا۔

امجد اسلام امجد اصلاً شاعر تھے۔ یوں تو انھوں نے بہت سی اصنافِ شعر میں طبع آزمائی کی، مگر راقم کے خیال میں وہ نظم کے شاعر تھے اور نظم بھی آزاد۔ اگرچہ انھوں نے ایک بڑا ذخیرہ غزل کا بھی یادگار چھوڑا ہے۔ امجد زمانہ طالب علمی میں مقبول تھے اور آخری زمانے تک ان کی مقبولیت نہ صرف برقرار رہی، بلکہ اس میں اضافہ ہوگیا۔ حالانکہ ایسا کم ہی ہوتا ہے۔ ان کی شخصیت اور شاعری میں کچھ ایسی کشش تھی کہ کوئی محفل، کوئی مشاعرہ ان کے بغیر مکمل نہیں ہوتا تھا۔

امجد اسلام امجد کی ایک حیثیت ڈراما نگار کی تھی۔ اُن کے ڈراموں (وارث۔ سمندر) کی مقبولیت کو دیکھیں تو لگتا ہے کہ بنیادی طور پر وہ ڈراما نگار تھے۔ ایسا کم ہوتا ہے کہ کوئی شخص درجۂ اوّل کا شاعر ہو اور ساتھ ہی درجۂ اوّل کا ڈراما نگار بھی۔ (راقم نے اُن کے افسانے بہت کم پڑھے، نہ پڑھنے کے برابر، اس لیے اُن پر کوئی رائے نہیں دے سکتا۔)

1974ء میں راقم نے ایک کتاب مرتّب کی: ”اصنافِ ادب“۔ اِس میں ہر صنف کا تعارف کرانے کے بعد اُس کے نئے پرانے نمونے دیے گئے تھے۔ عنوان ”نعت“ کے تحت نئی پرانی نعتوں کے کچھ نمونے تھے۔ آزاد نعت کے نمونے کے طور پر میں نے امجد اسلام کی حسبِ ذیل نعت شامل کی (جو مجھے بہت پسند تھی اور آج بھی ہے):

اَبر،خورشید،قمر
روشنی،پھول،صدا
سب تھے موجود مگر
ان کا مفہوم نہ تھا
کوئی بھی چیز،کوئی چیز نہ تھی
سِرِّ مخفی تھا خدا
کوئی تخلیق نہ تھی
حرفِ اقرار نہ تھا
مہرِ توثیق نہ تھی
سنگ اور گوہر نایاب میں تفریق نہ تھی
آپؐ نے سردعناصر کو حرارت بخشی
آپ نے،صلِ ّ علیٰ
اَبر،خورشید،قمر روشنی،پھول،صدا
سب کو مفہوم دیا
حاجتِ کون و مکاں ،مقصد خلقِ بشر
مجھ پہ بھی ایک نظر
مجھ کو بھی دیجے کبھی
میرے ہونے کا پتا
یا نبی !صلّ ِعلیٰ یا نبی! صلِّ علیٰ

میراخیال ہے کہ اگر اردو نعتوں کا ایک کڑا انتخاب کیا جائے تو امجد کی یہ نعت اس میں جگہ پائے گی۔

ایک بلند پایہ شاعر اورڈرامانگار اورایک بہت اچھا انسان ہم سے رخصت ہو گیا ۔بڑی محرومی ہے ۔باری تعالیٰ اسے بخشے اور اپنے جوارِ رحمت میں جگہ دے،آمین یا ربّ العالمین۔