قرآن پاک اللہ وحدہٗ لاشریک کا کلام ہے، یہ تمام آنے والے وقتوں میں انسان کی راہ نمائی کے لیے نازل کیا گیا ہے۔ ہم ایک ایسے دور میں رہ رہے ہیں جب اپنی زندگی قرآن کی روشنی میں گزارنے کی ضرورت بہت اہم اور ناگزیر ہوگئی ہے، ہمارے لیے یہ ممکن ہونا چاہیے کہ اس پیغام کو اپنی زندگیوں کا اسی طرح حقیقی حصہ بنالیں جس طرح اس پر ایمان لانے والے اوّلین لوگوں نے بنایا تھا، اور اپنے تمام موجودہ حالات اور پریشانیوں میں فوری اور مکمل راہ نمائی اسی طرح اس سے پائیں۔
’’نورالقرآن‘‘ کا مشن دلوں، گھروں اور زندگیوں کو قرآن سے منور کرنا اور بھٹکی ہوئی انسانیت کا تعلق خالقِ کائنات سے بحال کرکے اسے دنیا میں بھیجے جانے کے اصل مقصد سے روشناس کرانا ہے۔ اسی مقصد کے حصول کے لیے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کی پیروی میں نورالقرآن کے پلیٹ فارم سے ہر سال دورۂ قرآن کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
محترمہ عفت مقبول اس قافلے کی میرِ کارواں، راہِ حق کی انتھک مجاہدہ شب و روز جس تڑپ اور دل سوزی کے ساتھ قرآن و سنت کو سیکھنے اور سکھانے کی کوششوں میں مصروفِ عمل ہیں وہ ہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ یہ اللہ سبحانہٗ وتعالیٰ کی خاص عنایت اور فضل ہے کہ الحمدللہ استاذہ محترمہ کا ہر سال دورۂ قرآن دل پر قرآن کے نزول کے مترادف ایک مختلف زاویے سے قرآن کی دنیا میں سفر ہوتا ہے جو ایک ایک آیت پر عمل کی آسان فہم تحریک دے کر ہزاروں لوگوں کو اللہ سے جڑنے اور قرآن کو سمجھ کر پڑھنے کے لیے تیار کرتا ہے۔ آج کی پیاسی انسانیت کو اسی آبِ حیات کی تلاش ہے، جیسے حضرت علامہ محمد اقبال نے شعری روپ میں کہا:
قرآن میں ہو غوطہ زن اے مردِ مسلماں
اللہ کرے تجھ کو عطا جدتِ کردار
زیر نظر کتاب استاذہ عفت مقبول کے دورۂ قرآن بعنوان تزکیہ نفس کی کتابی شکل ہے جسے اُن کی ایک لائق شاگردہ نے قرآن کی خدمت کے جذبے سے افادۂ عام کے لیے قلم بند کیا، اور یوں ان کی مخلصانہ کوشش سے فہم قرآن فہمی کا یہ خوب صورت گل دستہ دین و دنیا کے نام سے تیار ہوا۔ اللہ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں آج کے معروف رواجی دین سے اوپر اٹھا کر مشن کے دین جو آج اجنبی اور مشکل ہوگیا ہے، پر قائم کردے اور جس جس نے اس کتاب کی تیاری میں جو حصہ ڈالا ہے اسے اپنی شان کے مطابق اجر عطا فرمائے، آمین۔ کتاب بہترین سفید کاغذ اور خوب صورت ٹائٹل کے ساتھ پیش کی گئی ہے، ہر اُس فرد کو جو قرآن کو سمجھنے کا شوق رکھتا ہے، اِس کتاب کا مطالعہ ضرور کرنا چاہیے۔