2023 ء زیادہ گرم سال ہوگا؟

برطانوی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلا سال مسلسل 10واں سال ہوگا جس میں عالمی درجہ حرارت صنعتی دور سے قبل درجہ حرارت سے کم از کم ایک ڈگری سینٹی گریڈ بڑھے گا۔ادارے کے مطابق 2023ء میں اوسط عالمی درجہ حرارت میں 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ اضافہ متوقع ہے۔ یہ درجہ حرارت صنعتی دور سے پہلے کے وقت (1900-1850) کے اوسط درجہ حرارت سے زیادہ ہے۔محققین کا کہنا ہے کہ 2023ء ممکنہ طور پر زمین کا گرم ترین سال ہوسکتا ہے۔ البتہ چھ سال قبل بنایا گیا ریکارڈ توڑنا شاید ممکن نہ ہو۔2016 ءمیں عالمی درجہ حرارت صنعتی دور سے قبل درجہ حرارت سے 1.28 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔ جس کے بعد سے اس ہندسے میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔میٹ آفس کے محققین کے مطابق 2023ء کے گرم ترین سال ہونے کی جزوی وجہ سرد لا نِینا موسمی اثرات کا نہ ہونا ہوگا۔لانینا اثرات تب وقوع پزیر ہوتے ہیں جب خط استوا سے طاقتور ہوائیں مشرق سے مغرب کی سمت میں چلتی ہیں اور وسطی بحر الکاہل کے مشرقی خط استوا کے علاقے میں سمندر کی سطح کا درجہ حرارت کم کرتی ہیں۔برطانوی محکمہ موسمیات کے ڈاکٹر نِک ڈنسٹون کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین سالوں میں عالمی درجہ حرارت طویل مدتی لا نِینا کے اثرات سے متاثر تھا۔ اگلے سال تین سال پر مشتمل اس موسمی ماڈل کا اختتام ہوگا جس سے ٹروپیکل بحر الکاہل میں گرم موسم کی واپسی ہوگی۔انہوں نے مزید بتایا کہ موسمی ماڈل میں یہ تبدیلی 2023 ءمیں عالمی درجہ حرارت کو 2022 ءسے ممکنہ طور پر زیادہ گرم کرے گا۔