آزادیِ نسواں

اس بحث کا کچھ فیصلہ میں کر نہیں سکتا
گو خوب سمجھتا ہوں کہ یہ زہر ہے، وہ قند
کیا فائدہ کچھ کہہ کے بنوں اور بھی معتوب
پہلے خفا مجھ سے ہیں تہذیب کے فرزند
اس راز کو عورت کی بصیرت ہی کرے فاش
مجبور ہیں، معذور ہیں، مردانِ خرد مند
کیا چیز ہے آرائش و قیمت میں زیادہ
آزادیِ نسواں کہ زمرد کا گلو بند؟

1۔ میں اس بحث کا فیصلہ نہیں کر سکتا، اگرچہ خوب جانتا ہوں کہ کون سی چیز زہر ہے اور کون سی قند۔ یعنی اچھائی برائی کا مجھے پورا اندازہ ہے۔ لیکن میں صاف صاف کچھ کہنے کے لیے تیار نہیں، کیوں؟
2۔ اس لیے کہ نئی تہذیب کے متوالے پہلے ہی مجھ سے ناراض ہیں۔ اب اور کوئی بات کہہ کر ان کی مزید ناراضی کا نشانہ کیوں بنوں؟
3۔ عقل مند لوگ کچھ فیصلہ کرنے میں مجبور اور معذور ہیں۔ عورت ہی کی بصیرت اس بھید کو کھول سکتی ہے، بھید کیا ہے؟
4۔ یہ کہ آرائش اور قیمت میں کون سی چیز بڑھی ہوئی ہے؟ عورتوں کی آزادی یا مرد کا گلو بند؟
مراد یہ ہے کہ اگر عورتیں آزادی کی طلب گار ہیں تو انہیں زیورات یا آرائش کی دوسری چیزوں سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔ مرد ان کے لیے قیمتی چیزیں لا کر دینے کے ذمے دار نہ رہیں گے، وہ اسی وقت تک عورتوں کی ہر جائز خواہش کو پورا کرسکتے ہیں، جب تک عورتیں گھروں میں بیٹھی رہیں۔ اب وہی اپنی عقل و بصیرت سے کام لے کر فیصلہ کرلیں کہ ان کی قدروقیمت اور آرائش آزادی سے بڑھتی ہے یا زمرد کے گلوبند سے؟