زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکہ ،ریڈ فائونڈیشن اور الخدمت کی سیلاب متاثرین کی بحالی ،مشترکہ کوششیں

ڈاکٹر فرخ رضا فضل الرحمٰن اور محترمہ ویروکوہلی کی مشترکہ پریس کانفرنس

دنیا بھر کے اہم بڑے ممالک، این جی اوز اور اقوام متحدہ کی طرح زکوٰۃ فائونڈیشن آف امریکہ نے سندھ، بلوچستان اور پاکستان کے دیگر سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کی مدد، بحالی اور ان کی بنیادی انسانی ضروریات کے لیے آگے بڑھ کر مثالی انداز میں بلا امتیاز مدد کی ہے۔ سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں خوراک، ادویہ اور دیگر ضروری سامان مہیا کیا، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 240 ٹن (240,000 کلوگرام) چاول فراہم کیے گئے۔ زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکہ کے ڈاکٹر فرخ رضا، ریڈ فائونڈیشن کے فضل الرحمٰن اور سندھ کی ہندو برادری سے تعلق رکھنے والی محترمہ ویرو کوہلی نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں امدادی سرگرمیوں کی وضاحت کی اور تمام تفصیلات بیان کی ہیں۔ ریڈ (READ) فاؤنڈیشن پاکستان کے تعاون سے تحصیل جھڈو ضلع میرپورخاص میں امدادی سرگرمیاں کی گئی ہیں۔ مشیر منصوبہ بندی ڈاکٹر فرخ رضا نے ان سرگرمیوں کی نگرانی کی اور سیلاب زدگان نے ان سرگرمیوں کو سراہا ہے۔ زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکہ نے کھانے پینے اور خیموں کی فراہمی یقینی بنائی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فرخ رضا نے کہا کہ زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مذہب، رنگ، جنس اور علاقے کی تفریق کے بغیر کام کررہی ہے۔ فائونڈیشن نے ہنگامی امداد اور سندھ میں مسلمانوں اور ہندو برادری دونوں کے لیے بحالی کا کام شروع کیا۔ زکوٰۃ فاؤنڈیشن نے گزشتہ دنوں ایک لاکھ امریکی ڈالر مالیت کے 140 ٹن چاول اور دیگر غذائی اشیاء تقسیم کیں، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان، ریڈ فاؤنڈیشن اور خبیب فاؤنڈیشن کے تعاون سے زکوٰۃ فاؤنڈیشن نے کام کیا۔ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی نقل مکانی ہوئی ہے۔ زکوٰۃ فاؤنڈیشن نے محترمہ ویرو کوہلی کے پورے گاؤں کی تعمیرنو کی منظوری دی ہے۔ اسی طرح جھڈو، میرپورخاص اور دیگر چھ اضلاع میں سب سے زیادہ متاثرہ اور تباہ شدہ دیہات کو بھی اس منصوبے میں شامل کیا گیا ہے۔

سندھ اور بلوچستان میں زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکہ، امریکہ میں قائم مسلمانوں کے ذریعے چلائی جانے والی ایک خیراتی تنظیم ہے جو اس کی روح کو آگے بڑھاتی ہے۔ پاکستان اور آس پاس کے 50 دیگر ممالک میں سماجی ترقی کے وژن میں زکوٰۃ اور عطیات اکٹھے کیے جاتے ہیں اور انہیں تقسیم کیا جاتا ہے۔ ڈاکٹر رضا نے مزید کہا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے مجھے ذاتی طور پر دورہ کرنے کو کہا کیونکہ میرا تعلق سندھ سے ہے، پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور ZFA ریلیف اور بحالی کے ردعمل کے بارے میں فوری طور پر فیصلہ کیا ہے، اللہ کا شکر ہے جس نے مجھے طاقت دی اور میں نے سڑک کے ذریعے سیلاب سے متاثرہ بیشتر علاقوں کا دورہ کیا جن میں جعفرآباد ضلع بلوچستان سے سندھ کے آخری اضلاع میرپورخاص اور بدین شامل ہیں۔ میں نے ذاتی طور پر سیلاب سے متاثرہ افراد سے ملاقات کی۔ الخدمت اور READ فاؤنڈیشن کی ٹیموں کی تعریف کرتا ہوں جنہوں نے تقسیم کے کام میں ہماری بہت مدد کی، جس کے لئے ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ متاثرہ لوگوں نے الخدمت اور ریڈ فائونڈیشن کی تعریف کی۔ ان کے کاموں کا میں نے خود بھی مشاہدہ کیا۔مجھے امید اور یقین ہے کہ ہماری پارٹنر تنظیمیں جیسے کہ READ فاؤنڈیشن اور الخدمت فاؤنڈیشن خوراک اور دیگر امدادی اشیاء کی تقسیم میں ہماری مدد کریں گی۔ زکوٰۃ فائونڈیشن تباہ شدہ دیہات کی تعمیرنو اور سیلابی علاقوں کے متاثرہ لوگوں کو فوری پناہ گاہیں فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریڈ فاؤنڈیشن کے فضل الرحمٰن نے ڈاکٹر رضا اور ZFA کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ فاؤنڈیشن کے ساتھ کام کا تجربہ بہت ہی شان دار رہا اور ہم زکوٰۃ فاؤنڈیشن کو یقین دلاتے ہیں کہ تمام امدادی اور ترقیاتی سرگرمیوں کی ریڈ فاؤنڈیشن نگہبان ہوگی اور ZFA کے عطیات اور تمام سرگرمیوں کا بروقت انتظام کریں گے۔ فضل الرحمٰن نے کہا کہ مقامی اور بیرون ملک مقیم پاکستانی ریڈ فاؤنڈیشن کی مدد کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔

ڈاکٹر رضا نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ آبادی کو یقین دلایا کہ ZFA اور امریکہ میں رہنے والے تمام بھائی اور بہنیں ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور اپنے لوگوں کا درد محسوس کررہے ہیں۔ میں حکومت پاکستان اور شراکت دار تنظیموں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی اشیاء کی تقسیم میں ہر قدم پر تعاون کیا۔

صدر الخدمت فاؤنڈیشن ایم عبدالشکور اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر زکوٰۃ فاؤنڈیشن امریکہ فرخ رضا نے پریس کانفرنس میں شرکت کی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فرخ رضا نے کہا کہ زکوٰۃ فاؤنڈیشن امریکہ، الخدمت کے ساتھ مل کر 140 ٹن چاول سیلاب متاثرین میں تقسیم کرے گی۔ زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکہ، امریکہ میں قائم ایک مسلم فلاحی تنظیم ہے جو زکوٰۃ کی روح کو پاکستان اور اس سے باہر سماجی ترقی کے وژن میں شامل کرتی ہے۔ پاکستان میں حالیہ سیلاب کے دوران زکوٰۃ فاؤنڈیشن نے بھی امدادی سرگرمیوں میں الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ شمولیت اختیار کی اور اب صوبہ بلوچستان کے سیلاب زدہ 32 اضلاع میں 10 ہزار خاندانوں میں 140 ٹن چاول تقسیم کرنے کے لیے اپنا ہاتھ بڑھایا ہے۔ اس کے علاوہ زکوٰۃ فاؤنڈیشن نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے الخدمت کے ساتھ مل کر کام کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر الخدمت فائونڈیشن ایم عبدالشکور نے کہا کہ مقامی اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے پاکستان بھر میں الخدمت فاؤنڈیشن کے سیلاب سے بچاؤ کے کاموں میں مدد کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زکوٰۃ فاؤنڈیشن امریکہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ بھائیوں اور بہنوں کی مدد کے لیے الخدمت کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہے۔

الخدمت کی جاری امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الخدمت مون سون کی بارشوں اور سیلاب کے آغاز سے ہی زمین پر ہے اور ہزاروں رضاکاروں کی مدد سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایمبولینس سروس اور کشتیوں کا استعمال کرتے ہوئے امدادی سرگرمیاں انجام دے رہی ہے۔الخدمت نے بے گھر خاندانوں کے لیے دس دیہات قائم کیے ہیں اور متاثرین کو پکا ہوا کھانا، پینے کا صاف پانی، طبی امداد اور بچوں کے لیے ٹینٹ اسکول بھی فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ سیلاب زدہ علاقوں میں 13 واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے گئے ہیں، دور دراز علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے سات موبائل واٹر فلٹریشن پلانٹ بھیجے گئے ہیں۔مزید برآں ضلع سکھر، دادو، نصیر آباد، کوئٹہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں پانچ فیلڈ اسپتال بنائے گئے ہیں۔ موبائل ہیلتھ یونٹس دور دراز کے علاقوں میں صحت کی فوری خدمات فراہم کرنے میں ہماری مدد کررہے ہیں۔