کتاب:الفاظ کا مزاج
مصنف:غلام ربانی
صفحات:126 قیمت:200 روپے
ملنے کا پتا:رابعہ بک ہائوس، الکریم مارکیٹ
اردو بازار، لاہور
فون042-37123555
زیر تبصرہ کتاب ’’الفاظ کا مزاج‘‘ مولوی غلام ربانی کے مضامین کا مجموعہ ہے۔ یہ مضامین زبان و ادب کے اہم اور منفرد پہلوئوں پر مشتمل ہیں۔ زبان کی اہمیت اور الفاظ کے مزاج کو بڑے خوب صورت اور دل کش انداز میں پیش کیا گیا ہے، الفاظ کو خیالات کا سانچہ قرار دیا گیا ہے، مختلف الفاظ سے متعلق اہم معلومات پیش کی گئی ہیں، مثلاً شاہ زندان استاد، وغیرہ افعال کی اقسام کی اہمیت اور مادوں سے متعلق اہم گفتگو پیش کی گئی ہے، مصادر کا تذکرہ کیا گیا ہے اور ساتھ یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اردو کا اصل سرمایہ ہندی سے لیے گئے مادے ہیں، سنسکرت کے مادوں کی فہرست بھی پیش کی گئی ہے، اردو شاعری میں تشبیہات اور استعارات پر مدلل گفتگو کی گئی ہے، کتبوں اور ان پر لکھی ہوئی شاعری سے متعلق معلومات بیان کی گئی ہیں۔ ’’کتبات اور اردو شاعری‘‘ اہم اور انفرادیت کا حامل مضمون ہے، شاعری میں موجود جغرافیائی معلومات کو مدلل انداز میں بیان کیا گیا ہے، محاوروں اور کہاوتوں سے متعلق معلومات پیش کی گئی ہیں۔ عبدالرحیم خانان، میرانیس اور ناسخ کی شاعری کا جائزہ لیا گیا ہے۔ کتاب مختصر اور اہم معلومات پر مشتمل ہے۔
کتاب اچھی چھاپی گئی ہے، قیمت انتہائی مناسب ہے، حروف خوانی بہت ہی احتیاط سے کی گئی ہے۔ ہر حال میں ایک اچھی پیش کش ہے۔ اس کا خیر مقدم ہونا چاہیے۔