خواتین اور دینی مسائل

اسلام اللہ تعالیٰ کی طرف سے انسانیت کو عطا شدہ آخری اور مکمل دین ہے۔ یہ دین انسانی زندگی کا ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے اور انسانی زندگی کے تمام بنیادی مسائل اور مشکلات کا حل پیش کرتا ہے۔ انسانی سوسائٹی جب بین الاقوامیت میں داخل ہورہی تھی عین اسی وقت انسانیت کے لیے دینِ اسلام کی صورت میں بین الاقوامی رہبری کا بندوبست ہوا۔

مولانا سیدابوالاعلیٰ مودودیؒ نے لوگوں کے سوالات کے کافی و شافی جوابات ’’رسائل و مسائل‘‘ کے عنوان سے دیے ہیں۔ ان کی کتاب جس کو ’’خواتین اور دینی مسائل‘‘ کا عنوان دیا گیا ہے، ہمارے پیش نظر ہے۔ اس پر ملک نواز احمد اعوان صاحب کو تبصرہ کرنا تھا لیکن ان کے رحلت کر جانے سے تبصرہ نہ ہوسکا۔ مجھ سے انہوں نے اس کا تذکرہ بھی کیا تھا۔ یہ کتاب بہت سال بعد چھپی ہے اور یہ اس کا گیارہواں ایڈیشن ہے۔ اس میں 96 سوالوں کے جوابات ہیں۔

ماہنامہ ’’ترجمان القرآن‘‘ میں مختلف مسائل و موضوعات پر لوگوں کے سوالات اور جوابات ’’رسائل و مسائل‘‘ کے عنوان سے شائع ہوچکے ہیں۔ سوالات مختلف تمدنی، سیاسی، معاشی اور فقہی معاملات پر مشتمل ہیں اور مولانا مرحوم نے ان کے ایسے جامع اور مختصر جوابات دیے ہیں کہ نہ صرف سوال کرنے والوں کی الجھن دور ہوجاتی ہے بلکہ عام قارئین کو بھی معلومات و رہنمائی کا ایک بیش بہا خزانہ میسر آجاتا ہے۔

ان سوالات و جوابات میں بے شمار ایسے مسائل بھی زیر بحث آئے ہیں جو خواتین سے متعلق ہیں، یا جن کے بارے میں خواتین بھی علم و رہنمائی چاہتی ہیں۔ امید ہے اس مجموعہ کو خواتین کے حلقے میں خاطر خواہ پذیرائی حاصل ہوگی۔

حروف خوانی بہت ہی محنت اور احتیاط سے کی گئی ہے اور بہترین کاغذ پر اس کی اشاعت ہوئی۔ قیمت بہت مناسب ہے۔ اللہ تعالیٰ اسے ہم سب کے لیے کارآمد بنائے، آمین۔