نام کتاب: Muhamamd(SAW)
The Emancipator of Humanity
مصنف: ڈاکٹر یاسر فاروق
صفحات: 274، قیمت: ندارد
ناشر: اسکول آف ریلیجس اینڈ سوشل اسٹڈیز، فیصل آباد
رابطہ: 03324518131
سیرت نگاری، مسلم تاریخ نویسی کی ایک اہم اور مستقل شاخ کی حیثیت سے مسلم و غیر مسلم مورخین کے مطالعہ و تحقیق اور توجہ کا مرکز رہی ہے۔ دنیا کی مختلف زبانوں میں سیرت نگاری کے حوالے سے اتنا کام ہوچکا ہے کہ اس کا محض شمار بھی مشکل ہے۔ سیرت پر کئی جلدوں پر مشتمل ضخیم کتابیں بھی لکھی گئی ہیں اور مختصر بھی، روایتی طرز کی بھی اور افسانوی انداز کی بھی۔ آنحضرتﷺ کی سیرت کے جزوی پہلوؤں (مثلاً غزوات، اخلاق، معراج، مکتوبات، شمائل، ہجرت وغیرہ) پر، اور سیرتِ نبویﷺ پر مضامین، مقالات اور خطبات وغیرہ کے مجموعوں کی شکل میں بھی الگ الگ کتابیں شائع ہوئی ہیں۔
انگریزی زبان میں سیرتِ نبویﷺ پر لکھی جانے والی کتابوں کی تعداد بھی کچھ کم نہیں ہے۔ پیش نظر کتاب Muhamamd(SAW) The Emancipator of Humanity سیرتِ نبویﷺ پر نوجوان مسلم اسکالر ڈاکٹر یاسر عرفات کی انگریزی زبان میں لکھی ہوئی کتاب ہے۔ چھے ابواب پر مشتمل یہ کتاب حیاتِ طیبہﷺ (مکی و مدنی عہد) کا ایک مختصر جائزہ، صفاتِ عالیہ (آپﷺ کی صداقت، امانت، دیانت، سخاوت، قناعت، شرافت، مہمان نوازی، تبلیغ، حسنِ تبسم، صبرو تحمل) اور سیرت کے مختلف پہلوؤں (بحیثیت ایک خیال رکھنے والا شوہر، ایک محافظ بھائی، ایک پرہیزگار رشتےدار، ایک مددگار اور معاون ساتھی، دیکھ بھال کرنے والا پڑوسی، ایک ایمان دار تاجر، ایک ماہر استاد، ایک مسافر، ایک طبیب، ایک زبردست ماہر نفسیات، ایک ماہر سیاست دان، ایک مدبر حکمران، ایک قانون ساز، ایک صادق جج، ایک سپہ سالار، ایک عاجز فاتح) کا بیان ہے۔ علاوہ ازیں آپﷺ کی ختم نبوت، احکامات اور فرامین پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔
فاضل مصنف کا کہنا ہے:
” اگرچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پر ہزاروں کتابیں لکھی گئی ہیں، لیکن ان میں سے زیادہ تر اسلام کے لیے آپ کی جدوجہد اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی مشکلات کے بارے میں ہیں۔ ان کتابوں میں غزوات و سرایا اور کفار کے ساتھ مسلسل جھگڑے کے واقعات ہیں۔ مجھے آپﷺ کی سوانح عمری کی ایک انگریزی کتاب کی اشد ضرورت محسوس ہوئی، جو آپﷺ کی تعلیمات اور آپﷺ کی عملی اقدار کے مطابق تقریباً ایک مکمل ضابطہ حیات پر مشتمل ہو، تاکہ اسلام کی ترویج ہو اور معاشرے کو اخلاقی انحطاط سے بچایا جاسکے۔ مزید براں آپﷺ کی زندگی کے اہم پہلوؤں پر بھی بحث کی گئی ہے تاکہ آپﷺ کی شخصیت کے احوال مسلمانوں کو آسانی سے دستیاب ہوں۔ اس کتاب میں مَیں نے آپﷺ کی زندگی کے عملی واقعات کو آپﷺ کی شخصیت کی متعدد جہتوں سے پیش کرنے کی کوشش کی ہے، اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کہ لوگ ان کی پیروی کر سکیں۔“
کتاب کے آخر میں فرہنگ اور کتابیات بھی دی گئی ہے۔ کتابیات سے اندازہ ہوتا ہے کہ کتب احادیث سے بالخصوص استفادہ کیا گیا ہے۔ کتاب کی زبان سادہ اور عام فہم ہے۔ عام انگریزی خواں افراد اس سے بآسانی استفادہ کرسکتے ہیں۔
ڈاکٹر یاسر فاروق شعبہ علومِ اسلامیہ، غازی یونیورسٹی، ڈیرہ غازی خان میں لیکچرار ہیں۔ علمِ حدیث، سیرتِ طیبہ اور سماجی و مذہبی مسائل ان کی دلچسپی کے خاص موضوعات ہیں۔ ان موضوعات پر ان کی دس سے زائد کتابیں اور متعدد مقالات شائع ہوچکے ہیں۔