ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اسکول جانے سے پہلے کی عمر میں بچوں کو کچھ اضافی الفاظ سِکھانا ان کو زندگی بھر کی تدریسی کامیابی کے لیے تیار کرسکتا ہے۔ چار سال کی عمر کے تقریباً 900 بچوں پر کی جانے والی تحقیق میں معلوم ہوا کہ تعلیمی سرگرمیوں کی شروعات کے بعد وہ بچے جن کا ذخیرئہ الفاظ زیادہ تھا وہ دوسرے بچوں کی بہ نسبت اپنے اساتذہ کے ساتھ زیادہ مشغول پائے گئے۔ محققین نے چھوٹے بچوں کی صلاحیتوں کی آزمائش موسم خزاں اور پھر آئندہ موسم بہار میں اسکول شروع ہونے کے بعد کی۔ محققین کا کہنا تھا کہ تحقیق کے نتائج میں معلوم ہوا کہ بچوں کے ابتدائی سالوں میں معمولی سا فرق بھی ان کی تدریسی کامیابی کے امکانات پر بڑا اثر مرتب کرسکتا ہے۔ محققین نے امید ظاہر کی کہ تحقیق کے نتائج کم ذخیرئہ الفاظ رکھنے والے بچوں کی نشان دہی کرنے میں اساتذہ کی مدد کریں گے۔ تحقیق کے مصنفین نے بتایا کہ جن بچوں کو اسکول میں داخل کرانے سے قبل جذبات پر قابو کرنا سِکھایا گیا تھا ان کی کارکردگی بھی کلاس میں بہتر رہی۔ امریکی کی اوہایو اسٹیٹ یونیورسٹی کے ماہرِ ابتدائی تعلیم اور تحقیق کے سربراہ مصنف چنگ چنگ یینگ کا کہنا تھا کہ تحقیق کے نتائج میں چھوٹے بچوں کو کلاس میں کامیابی کے لیے تیار کرنے کے اثرات کے بارے میں بتایا گیا۔