ویڈیو گیمز کھیلنے سے صحت پر کوئی فرق نہیں پڑتا

گیمرز کے متعلق ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ویڈیو گیمز کھیلنے میں صَرف کیے گئے وقت کا کسی شخص کی صحت پر کوئی مثبت اثر نہیں ہوتا۔ یونیورسٹی آف آکسفورڈ کی محققین کی ایک ٹیم نے سات ویڈیو گیمز کے 39 ہزار کھلاڑیوں پر چھ ہفتوں تک تحقیق کی۔ آکسفورڈ انٹرنیٹ انسٹی ٹیوٹ کے مطالعے میں گیمرز کی زندگی کے اطمینان اور ان کے محسوس کردہ جذبات جیسے کہ خوشی، غصہ یا مایوسی کے متعلق پوچھ کر ان کی صحت کی پیمائش کی گئی۔ تحقیق میں معلوم ہوا کہ گیم کھیلنے اور صحت کے درمیان انتہائی معمولی یا نہ ہونے کے برابر تعلق موجود تھا، لیکن حوصلہ افزائی گیمر کی صحت میں کردار ادا کرتی ہے۔ تاہم تحقیق میں اس بات کا اعتراف کیا گیا کہ گیمنگ کے اثرات کے حوالے سے بہتر حقائق کو عکس بند کرنے کے لیے مزید کام کی ضرورت ہے۔ تحقیق کے لیے ڈیٹا سات معروف گیمز کے کھلاڑیوں سے حاصل ہوا۔ ان گیمز میں اینیمل کراسنگ، ایپکس لیجنڈ، اِیو آن لائن، فورزا ہورائزن 4، گرین ٹریزمو اور دی کریو 2 شامل ہیں۔ یہ نئی تحقیق 2020ء میں کیے گئے ایک مطالعے کے نقش پر کی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ وہ لوگ جو اکثر ویڈیو گیمز کھیلتے ہیں ان کی صحت معمولی سی بہتر ہوتی ہے۔ ادارے کے سینئر ریسرچ فیلو پروفیسر اینڈریو پرزیبِلسکی کا کہنا تھا کہ اس دلچسپ تحقیق میں بڑی مقدار میں گیمز کمپنیوں اور کھلاڑیوں کی جانب سے حقیقی پلیئنگ ڈیٹا جمع کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ویڈیو گیمز کے حقیقی اثرات کی بہتر سمجھ کے لیے مزید مطالعے درکار ہیں۔