نوجوانوں کے لیے روشن مستقبل کی نوید، آئی ٹی کے شعبے میں ہنر مند بنا کر معاشی طور پر خود کفیل بنانے کا منصوبہ
الخدمت جہاں دیگر شعبوں میں ملک و قوم کی خدمت کررہی ہے، وہاں اس نے نوجوانوں کی خدمت اور انہیں روشن مستقبل دینے کا اہم ترین بیڑا اٹھایا ہے۔ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، یہ 70فیصد ریونیو دینے والا شہر ہے، مگر اس کے نوجوانوں کو ملازمتوں کے معاملے میں بہت پیچھے رکھا گیا ہے۔ کراچی کا نوجوان پڑھا لکھا ہے، باصلاحیت ہے، مگر اس کے پاس ملازمت نہیں ہے۔ ملازمت نہ ہونے کے سبب مجبوراً اسے دوسرے کام کرنے پڑتے ہیں، بعض صورتوں میں یہ نوجوان رکشا چلانے اور دیگر چھوٹے موٹے کام کرنے پر بھی مجبور ہوجاتا ہے اور اسی سے اپنی زندگی کی گاڑی چلانے کی کوشش کرتا ہے۔ نوجوان یہ ادراک ہی نہیں کرپاتا کہ وہ پڑھا لکھا ہے، اللہ نے اسے صلاحیت دی ہے، وہ ذرا سی محنت کرکے، ہنر سیکھ کر خوشحال زندگی گزار سکتا ہے۔ بسا اوقات ان نوجوانوں کے پاس تعلیم بھی ہوتی ہے، لیکن مالی مجبوریاں آڑے آجاتی ہیں، وہ انہیں آگے بڑھنے نہیں دیتیں۔
چھوٹا کام ہو یا بڑا۔۔ کوئی کام برا نہیں ہوتا، مگر ایک پڑھے لکھے نوجوان کو اس کا جو حق ملنا چاہیے، وہ اسے نہیں مل رہا۔ الخدمت نے ایسے ہی پڑھے لکھے میٹرک، انٹر پاس نوجوانوں کا احساسِ محرومی ختم کرنے کے لیے ایک عظیم الشان پروگرام ”بنو قابل‘‘ ترتیب دیا ہے، جس میں میٹرک اور انٹر پاس نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم دے کر انہیں معاشی طور پر خودکفیل بنایا جائے گا۔
امیرجماعت اسلامی کراچی و صدر الخدمت کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کے نئی نسل کا مستقبل روشن اور انہیں معاشی طور پر خودکفیل بنانے کے وژن کے تحت یہ منصوبہ شروع کیا گیاہے۔ اس کے لیے الخدمت نے آئی ٹی کی تعلیم دینے والے ایک قابل اعتماد آئی ٹی ادارے Aptech کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ معاہدے کے مطابق الخدمت آئی ٹی کا ہنر سکھانے کے لیے ہزاروں نوجوانوں کے لیے Aptitude رجحان ٹیسٹ کا اہتمام کرے گی، اور ان میں سے کامیاب نوجوانوں کو منتخب کرے گی، جبکہ Aptech بہترین انداز میں ا اکیڈمک ذمہ داریاں انجام دے گا۔
الخدمت کے تحت Aptitude رجحان ٹیسٹ پاس کرنے والے نوجوانوں کو Aptech میں مختلف کورسز کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ اس کے لیے ’’بنو قابل‘‘ پروگرام میں ویب ڈیولپمنٹ، فری لانسنگ، فل اسٹیک ڈیولپمنٹ، موبائل ایپ ڈیولپمنٹ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ایمازون ورچول اسسٹنٹ کے مجوزہ کورس کروائے جائیں گے۔ یہ کورس ان نوجوانوں کو اُن کے قریب ترین واقع Aptech ادارے میں کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا، اور یہ کورسز معمول کی کلاسز میں کروائے جائیں گے تاکہ انہیں سیکھنے کا بھرپور موقع مل سکے ۔
الخدمت نے کراچی کے ہزاروں پڑھے لکھے نوجوانوں کو آئی ٹی کی مہارت فراہم کرکے انہیں ہنرمند بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ پروگرام کا مجوزہ بجٹ 100ملین روپے ہے۔ آئی ٹی کورسز کی کلاسیں سال میں دو بار ہوں گی۔ کورسز 4سے 6ماہ دورانیہ کے ہوں گے۔ اگر کوئی فرد اپنے طور پر کوئی کورس کرنا چاہے تو اس پر 50سے 80ہزار روپے کے اخراجات آتے ہیں اور مارکیٹ میں مختلف ادارے اپنی ساکھ کے اعتبار سے یہ فیس وصول کررہے ہوتے ہیں، مگر الخدمت،’’بنو قابل‘‘ پروگرام کے تحت یہ کورس بلامعاوضہ کروائے گی۔
آنے والا دور سائنس و ٹیکنالوجی کا ہے، اور الخدمت نے کراچی کے پڑھے لکھے نوجوانوں کی محرومیوں کو دیکھتے ہوئے اس بڑے پروگرام کا آغاز کیا ہے، جو کراچی کے نوجوانوں کو روشن مستقبل کی نہ صرف راہ دکھائے گا بلکہ انہیں روشن مستقبل کی منزل پر بھی پہنچائے گا۔ یہ کورسز سیکھ کر نوجوان فری لانسنگ اور ایمازون جیسے پروگراموں کے ذریعے اپنے خاندان کی بہترین کفالت کا فریضہ بھی انجام دے سکتے ہیں۔ بنو قابل پروگرام کے حوالے سے الخدمت کو اہلِ کراچی کی جانب سے پھرپور پذیرائی مل رہی ہے اور اب تک پچاس ہزار سے زائد نوجوانوں نے خود کو اس پروگرام میں رجسٹرڈ کروایا ہے۔ رجسٹریشن کا عمل تاحال جاری ہے، نوجوان، کورسز کے لیے خود کو banoqabil.pkپر رجسٹرڈ کروا سکتے ہیں۔
چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ کا کہنا ہے کہ الخدمت کا ’’بنوقابل‘‘پروگرام ایک بڑا پروگرام ہے جو کراچی کے نوجوانوں کو empower کرے گا۔ کراچی صنعت وتجارت کا مرکز ہے، مگر یہاں کے نوجوان ملازمتوں سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کام برا نہیں ہوتا، مگر کراچی کے نوجوان پڑھے لکھے ہونے کے باوجود چھوٹے کام کرنے پر مجبور ہیں۔ الخدمت نے ان نوجوانوں کو آئی ٹی کی مہارت فراہم کرکے انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کا پروگرام بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پروگرام کے ذریعے ہرسال ہزاروں نوجوانوں کو آئی ٹی کورسز کروانے کا منصوبہ ہے اور اس میں الخدمت کو اہلِ خیر کا تعاون درکار ہوگا۔ اہلِ خیرمعاشی خودکفالت کے اس اہم ترین پروگرام میں فی طالب علم 50ہزار روپے سے تعاون کرسکتے ہیں۔ ماہ جولائی میں ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں کا Aptitute رجحان ٹیسٹ منعقد کرنے کے لیے بڑی تعداد میں رضاکاروں کی بھی ضرورت ہے ۔نوجوان لڑکے اور لڑکیاں بطور رضا کار اس ٹیسٹ میں خدمات پیش کرنے کے لیے الخدمت سے رجوع کرسکتے ہیں ۔