”مائز ایڈونچر“… گیارہ سالہ پاکستانی لڑکی کا پہلا سائنس فکشن ناول

گیارہ سالہ پاکستانی لڑکی حمنہ محفوظ کا پہلا سائنس فکشن ناول شائع ہوا ہے، اس ناول کا نام Mai’s Adventures: The curiosity rises ہے، جس کی کہانی ایک ایسی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جس کی عمر 15 برس ہے۔ مائی رابرٹ نامی لڑکی سال 2399ء سے تعلق رکھتی ہے جو بلا کی ذہین ہے۔ اسے سائنس، ریاضی، ٹیکنالوجی اور شاعری سے بھی لگاؤ ہے۔ یہاں تک کہ وہ تاریخ سے اتنا لگاؤ رکھتی ہے کہ ناول میں آگے چل کر وہ ٹائم مشین بناتی ہے اور ماضی میں ہماری دنیا کا سفر کرتی ہے۔
مائی کے والد ایک بڑی ٹیکنالوجی کمپنی کے سربراہ ہیں اور یوں پورا گھرانہ ایک خوشحال زندگی گزار رہا ہے۔ مائی کی چھوٹی بہن کا نام روزی ہے جو ناول کے آخر میں ایک بڑی تبدیلی کی وجہ بنتی ہے۔
ناول کے شروع میں حمنہ محفوظ نے ایک ایسے سینما کا تصور پیش کیا ہے جسے خرد ثقل (مائیکروگریویٹی) کے ماحول میں تاریک خلا کے پس منظر میں دیکھا جاسکتا ہے، یعنی خلا کی بے وزنی میں تیرتے ہوئے فلم سے لطف اندوز ہوا جاتا ہے۔ اس کے اطراف میں شہابیے اور ستارے ایک خوبصورت منظر پیش کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ناول میں ’اسٹیٹو یونیورس سینما‘ کا خاکہ، اس کم عمری میں حمنہ کے پختہ تخیل اور فکری قوت کو ظاہر کرتا ہے۔
(بشکریہ ایکسپریس)