قرآن حکیم میں اللہ تعالیٰ نے ان الفاظ میں حج کو مسلمانوں پر فرض فرمایا ہے کہ ’’اور لوگوں پر اللہ تعالیٰ کے لیے بیت اللہ کا حج کرنا فرض ہے جو اس کعبہ تک پہنچنے کی استطاعت رکھتے ہوں۔‘‘ یوں حج اسلام کا بنیادی رکن قرار دیا گیا ہے، تاہم اس کے ساتھ استطاعت کو بھی لازم ٹھیرایا گیا ہے۔ حج زندگی میں صرف ایک بار فرض ہے۔ اس فرض کی ادائیگی بے پناہ اجر و ثواب کا سبب اور گناہوں کا کفارہ ہے۔ اسی طرح عمرہ بھی اپنے اندر بے شمار برکات سمیٹے ہوئے ہے اور ایک عمرہ دوسرے عمرہ تک کی درمیانی مدت میں انسان سے سرزد ہونے والے گناہوں کی معافی کا ذریعہ بتایا گیا ہے، تاہم حج ہو یا عمرہ یا دیگر عبادات… ان سے متعلق اجر و ثواب اور برکات کا حصول اسی وقت ممکن ہے جب انہیں سنتِ نبویؐ کے مطابق رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کی روشنی میں پوری توجہ سے ادا کیا جائے، ورنہ جس طرح رمضان المبارک کے روزوں کے بارے میں ارشاد ہے کہ بہت سے لوگوں کو ان سے بھوک اور پیاس کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوتا، حج و عمرہ کا معاملہ بھی اس سے مختلف نہیں۔ عازمین حج و عمرہ اگر ان کے مناسک کو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے سنت طریقوں کے مطابق ادا نہ کریں تو خدشہ ہے کہ ان کے خرچ کیے لاکھوں روپے، سفر کی صعوبتیں اور قیمتی وقت رائیگاں نہ چلا جائے۔
اسی مناسبت سے ہر مسلمان کی آرزو ہوتی ہے کہ یہ مقدس فرض قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق ادا ہوجائے تاکہ عبادات کے بجا لانے میں کوئی کمی بیشی نہ رہ جائے۔ اس مقصد کے لیے ہر شخص کو ایسی رہنما کتاب کی اشد ضرورت محسوس ہوتی ہے جس میں حج وعمرہ کے احکام ومسائل آسان زبان میں قرآن و حدیث کی روشنی میں بتائے گئے ہوں۔ اُردو خواں طبقے کی اِسی ضرورت کے پیش نظر دارالسلام نے مسلسل محنت اور تحقیق کے بعد حج وعمرہ کے تمام ضروری، ضمنی اور ذیلی مسائل کے موضوع پر مستند مواد کے حوالے سے ’’مسنون حج وعمرہ … اَحکام ومسائل، فضیلت واہمیت‘‘ کے عنوان سے ایک مختصر مگر جامع کتاب تیار کی ہے، جس میں حج وعمرہ کے تمام احکام و مسائل قرآن وسنت کی روشنی میں جزئیات سمیت بہ تمام وکمال بتائے گئے ہیں۔ حج وعمرہ کے دوران پڑھی جانے والی اور روزمرہ کی دیگر دعائیں بھی درج کردی گئی ہیں۔ مزیدبرآں تمام مقدس مقامات کو نہایت ہی خوبصورت تصویروں اورنقشوں کے ذریعے بخوبی اجاگرکیا گیا ہے۔ اس کتاب میں خصوصیت کے ساتھ حج و عمرہ کے دوران پیش آنے والے خواتین کے مخصوص مسائل بھی درج کردیے گئے ہیں۔ حج وعمرہ کے مختلف مناسک کے دوران پڑھی جانے والی مسنون دعائوں اور اذکار کو آسان اُردو ترجمے کے ساتھ پیش کیا گیا ہے تاکہ حرمین میں ہمارے شب و روز مسنون دعائوں اور اذکار سے مزین ہوسکیں۔یہ مستند کتاب مفسر قرآن حافظ صلاح الدین یوسف اور دیگر علمائے کرام عمار فاروق سعیدی، مولانا عبدالصمد رفیقی مرحوم، مولاناعبدالجبار اورحافظ عبدالخالق جیسے ممتاز محققین نے ترتیب دی ہے۔ کتاب پاکٹ سائزہے جو باآسانی جیب میں آسکتی ہے۔ اس طرح حج وعمرہ کرنے والا ہر شخص یہ کتاب ہر وقت اپنے ساتھ رکھ سکتا ہے۔ توقع ہے کہ حج و عمرہ کی سعادت کے لیے جانے والے عازمین کتاب سے استفادہ کرکے اپنے وقت اور سرمائے کا بہتر نعم البدل حاصل کریں گے۔