پانی میں ڈوب جانے کا خطرہ بڑھانے والے امراض

کینیڈا میں ماہرین کی جانب سے کیے گئے ایک نئے مطالعے کے مطابق بعض امراض ڈوبنے کا خطرہ بڑھا دیتے ہیں۔ مطالعے کے لیے محققین کی ایک ٹیم نے کینیڈا کے ڈیٹا بیس سے 2007ء اور 2016ء کے درمیان تقریباً 4,300 ڈوبنے والوں کے ڈیٹا کا جائزہ لیا۔ محققین نے پایا کہ ہر تین میں سے ایک بالغ اور 10 سال سے زیادہ عمر کے بچوں کو دائمی امراض لاحق تھے۔ سرفہرست وہ لوگ تھے جنہیں ischemic heart disease (قلبی مرض) اور مرگی کی شکایت تھی۔ جن خواتین کی عمر 20 سے 34 سال تھی، ان میں مرگی سے ڈوبنے کا خطرہ عام آبادی کے مقابلے میں 23 گنا زیادہ تھا۔ نیویارک سٹی کے اسکول آف میڈیسن میں نیورولوجی کے پروفیسر اور ایپی لیپسی فاؤنڈیشن کی چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر جیکولین فرنچ نے کہا کہ یہ اُن خطرات میں سے ایک ہے جن کے بارے میں ہم لوگوں کو متنبہ کرتے ہیں۔ یہ وہ خطرات ہیں جن سے ہم پوری طرح واقف ہیں۔ ایک اور ڈاکٹر اور یونیورسٹی آف ٹیکساس ساؤتھ ویسٹرن میڈیکل سینٹر کے پروفیسر بینجمن لیوائن نے کہا کہ اگر آپ کو خشکی پر دل کا دورہ پڑتا ہے تو آپ 911 پر کال کرسکتے ہیں، لیکن اگر آپ کسی جھیل یا سمندر کے گہرے پانی میں ہیں اور اس دوران آپ کو دل کا دورہ پڑتا ہے یا arrhythmia (دل کی بے ترتیب دھڑکن) کا شکار ہوتے ہیں تو آپ بے ہوش ہوسکتے ہیں اور بالآخر ڈوب سکتے ہیں۔