الایام ،کراچی

مجلہ
:
الایام ،کراچی
(علمی و تحقیقی جریدہ، مسلسل عدد 24)
مدیرہ
:
محترمہ ڈاکٹر نگار سجاد ظہیر
نائب مدیران
:
ڈاکٹر حافظ محمد سہیل شفیق
ڈاکٹر زیبا افتخار
صفحات
:
250 قیمت: 400 روپے فی شمارہ
سالانہ 700روپے
ناشر
:
مجلس برائے تحقیق اسلامی تاریخ و ثقافت
فلیٹ نمبر A-15، گلشنِ امین ٹاور
گلستانِ جوہر، بلاک 15، کراچی
ای میل
:
nigarszaheer@yahoo.com
فون
نمبر
:
0300-2268075
0300-9245853
ویب سائٹ
:
www.alayyam.com.pk

ہر چھے ماہ بعد شائع ہونے والے علمی و تحقیقی جریدے ’’الایام‘‘ کا یہ چوبیسواں شمارہ ہے جس میں گراں قدر مقالات اور مضامین شاملِ اشاعت ہیں۔ ڈاکٹر نگار سجاد ظہیر صاحبہ تحریر فرماتی ہیں:
’’عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ مسلمانوں نے تاریخ نگاری کی طرف ڈھائی تین سو سال کے بعد توجہ کی، اور تصنیف و تالیف کا سلسلہ شروع کیا۔ سیرت نگاروں میں محمد ابن اسحاق (م150ھ) کو پہلا سیرت نگار مانا جاتا ہے، اور سیرت نگاری… جو دراصل تاریخ ہی ہے، کی تصنیف و تالیف کو سو سال پیچھے دھکیل دیا جاتا ہے، درآں حالیکہ ابن اسحاق سے پہلے بھی کم از کم سترہ اٹھارہ کتبِ مغازی لکھی جاچکی تھیں۔
یہ ایسا ہی ہے جیسے مستشرقین میں سے کئی حضرات خصوصاً گولڈ زیہر اور شاخت یہ مؤقف رکھتے تھے کہ حدیث کو مسلمانوں نے تین سو سال بعد مدون کیا تو ان کا اعتبار کیسے کیا جاسکتا ہے۔ حدیث سے متعلق اس سوال کا جواب تو محدثین کماحقہٗ دے چکے ہیں، البتہ تاریخ کے حوالے سے اس غلط فہمی یا مغالطے کا جواب اگر دیا بھی گیا تو مروج نہ ہوسکا، لہٰذا عصرِ حاضر کے بعض علما تاریخ کو اس بنا پر درخورِ اعتنا نہیں سمجھتے کہ یہ تو لکھی ہی ڈھائی، تین سو سال کے بعد گئی، تو اس پر اعتبار کیسے کیا جاسکتا ہے!
حقیقت یہ ہے کہ مسلمانوں نے حدیث کے علاوہ جب تصنیف و تالیف کا کام شروع کیا تو سب سے پہلے حضرت امیر معاویہؓ کی زیر نگرانی، عبید بن شریہ کی کتاب کتاب الملوک و اخبار الماضین تحریر کی گئی۔ یہ کتاب یمن کے حکمرانوں، قدیم عربوں، عادوشداد و جریم وغیرہ کے حالات میں ہے۔ یہ بات یقینی ہے کہ یہ کتاب امیر معاویہؓ کے دورِ خلافت (41ھ۔ 60ھ) کے ابتدائی برسوں میں لکھی گئی، یوں کتاب الملوک کو تاریخ کی اوّلین تصنیف اور عبید بن شریہ کو مسلمانوں کا پہلا مصنف کہا جاسکتا ہے، اور یہ کہ مسلمان تاریخ نویسی کا آغاز پہلی صدی ہجری کے نصف ثانی میں کرچکے تھے۔
مجلے کے محتویات درج ذیل ہیں:
٭مقالات: -1 احمدی تحریک: ظفر سپل، -2 علم و تحقیق میں کراچی کا امتیاز: معین الدین عقیل، -3 اردو سفرنامے پر تحقیق و تنقید: سکندر حیات میکن
٭ادبیات: نگارشاتِ ’’مشفق خواجہ‘‘ پر ایک نظر: محمود احمد کاوش
٭تراجم: پانچویں صدی ہجری میں اثنا عشری کلامی فکر: ایک مطالعہ (دوسری قسط): سید عبیداللہ جمیل
٭ مکتوبات: ڈاکٹر کبیر احمد جائسی بنام معراج جامی: سید معراج جامی
٭سفرنامہ: اے بخارا شادباش (دوسرا سفر ازبکستان 1919ء): عارف نوشاہی
٭وفیات: مظہر محمود شیرانی: نگار سجاد ظہیر
٭ جائزہ کتب: علیگ کا سرسید نمبر: رفیع الدین ہاشمی، نقشِ سیرت: محمد سہیل شفیق، حجاج بن یوسف: نگار سجاد ظہیر
٭اشاریہ: الایام کا بارہ سالہ اشاریہ (2010ء۔ 2021ء): محمد سہیل شفیق
مجلہ سفید کاغذ پر طبع ہوا ہے۔ nn