پپیتا کھائیے

پپیتا اپنے وٹامن اور قیمتی معدنیات کی بدولت بڑھاپے کے اثٖرات دور کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ اسی بنا پر ماہرِ غذائیات ڈاکٹر ٹریسٹا بیسٹ نے اسے سپرفوڈ بھی قرار دیا ہے۔
ڈاکٹر ٹریسٹا نے بتایا کہ ”پپیتے کے پھل پر ہماری توجہ بہت ہی کم ہے جو اپنے زبردست خواص سے اندرونی اور بیرونی طور پر بڑھاپا دور رکھتا ہے۔ یہ انسانی جسم میں خلیاتی سطح تک بدن کو تادیر جوان رکھتا ہے“۔
پپیتا اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہے اور اس میں موجود متنوع وٹامن بدن میں آکسڈیٹوواسٹریس کم کرتےہیں۔ بصورتِ دیگر یہ کیفیت بدن کی اینٹوں یعنی خلیات کو نقصان پہنچاتی ہے اور ہم دھیرے دھیرے بڑھاپے کی جانب راغب ہوتے ہیں۔ اس سے اندرونی جلن (انفلیمیشن) بڑھتی ہے، جلد ڈھیلی پڑنے لگتی ہے اور چہرے پر جھریاں نمودار ہونے لگتی ہیں۔
اب پپیتے کے اینزائم کی بات کی جائے تو اس میں وٹامن اے، سی اور ای کے علاوہ پیپین نامی اینزائم بھرپور پایا جاتا ہے اور یوں یہ بڑھاپے کو دور بھگاتا ہے۔ دوسری جانب اس پھل میں لائپوسین کی بھرپور مقدار موجود ہوتی ہے۔ ایک جانب یہ کئی اقسام کے کینسر کو روکتی ہے اور دوسری جانب کینسر کے علاج میں ریڈیو اور کیموتھراپی کے مضر اثرات کو بھی کم کرتی ہے۔ لائپوسین کا ایک فائدہ یہ ہے کہ امراضِ قلب سے بچاؤ میں بھرپور مدد ملتی ہے۔ یہ تمام فوائد بیان کرتے ہوئے ماہرین کا اصرار ہے کہ اپنی غذا میں پپیتے کو ضرور شامل کریں۔