انسائیکلو پیڈیا آف شیکسپیئر

کتاب
:
انسائیکلو پیڈیا آف شیکسپیئر
تحقیق، ترجمہ وترتیب
:
اخلاق احمد قادری
صفحات
:
518 قیمت: 1800روپے
ناشر
:
سٹی بک پوائٹو، کراچی
رابطہ
:
03337619827

”تم مجھ سے محبت کرو یا نفرت۔۔۔؟
دونوں میرے حق میں ہیں
تم مجھ سے محبت کرو تو میں تمھارے دل میں ہوں
اور اگر تم مجھ سے نفرت کرو تو میں تمھارے دماغ میں ہوں“ (ولیم شیکسپیئر)
انگریزی زبان و ادب کا شاید ہی کوئی طالب علم ہو جس نے ولیم شیکسپیئر (1564ء۔ 1616ء) کو نہ پڑھا ہو۔ شیکسپیئر کا شمار انگریزی زبان کے سب سے بڑے ادیب اور ڈراما نگاروں میں ہوتا ہے۔ اسے انسانی جذبات کا ماہر ایک اعلیٰ شاعر اور ڈراما نگار تسلیم کیا جاتا ہے۔ انسانی زندگی کے دکھ سُکھ کا احاطہ جس خوبصورتی سے اس نے کیا ہے شاید ہی کسی اور شاعر یا ڈراما نگار نے کیا ہو۔
شیکسپیئر کی شیریں بیانی اور وسعتِ نظری و سخن آفرینی لوگوں کو ہمیشہ حیرت میں ڈالتی رہی ہے۔ انگریزی ادب میں صدیوں سے جو مقبولیت شیکسپیئر کو حاصل ہے وہ کسی اور کو حاصل نہیں۔ وہ اپنے ڈراموں میں، اپنے زورِ قلم سے ایسا سوزو گداز یا مسرت کے ایسے جذبات پیدا کردیتا ہے کہ اس کے ڈرامے دیکھنے یا پڑھنے والوں کے دلوں میں دیر تک گھر کیے رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ شاعرِ مشرق علامہ اقبال نے شیکسپیئر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس کے کلام کو انسان کے دل کا آئینہ کہا ہے۔
حسن آئینہ حق اور دل آئینہ حسن
دلِ انساں کو ترا حسنِ کلام آئینہ
شیکسپیئر نے 37 شہرئہ آفاق ڈرامے اور بے شمار نظمیں لکھیں، جن میں ہر طرح کے ڈرامے شامل ہیں۔ اس کے ڈراموں کو تین حصوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے۔ المیہ ڈراموں میں کنگ لیئر، ہیملٹ، میکبتھ اور اوتھیلو… کامیڈی ڈراموں میں ٹویلتھ نائٹ، مرچنٹ آف وینس، ٹیمنگ آف شریو، کامیڈی آف ایریرز… اور تاریخی ڈراموں میں جولیس سیزر، ہنری ہشتم، رچرڈ 3، اور انٹونی اینڈ قلوپطرہ کو بطور مثال پیش کیا جاسکتا ہے۔ شیکسپیئر کا ہر ڈراما المیہ ہو یا طربیہ، تاریخی ہو یا رومانی، ان میں انسانی جذبات و احساسات کا ایک سمندر موجزن نظر آتا ہے۔
شیکسپیئر کے ان شہرئہ آفاق ڈراموں کا دنیا کی تقریباً ہر بڑی زبان میں ترجمہ ہوچکا ہے۔ ایک ایک ڈرامے کی کہانی اور اس کے ہر ہر پہلو پر تفصیل سے تحقیقات ہوئی ہیں اور کتابیں لکھی گئی ہیں۔ اس کے ڈراموں پر لکھی جانے والی کتابیں اس کے ڈراموں سے کئی ہزار گنا زیادہ ہیں۔ اردو تھیٹر کے دورِ آغاز ہی سے شیکسپیئر کے ڈراموں کو اردو زبان میں مناسب ترمیم کے ساتھ ڈھالا جاتا رہا ہے۔
پیش نظر کتاب ”انسائیکلوپیڈیا آف شیکسپیئر“ آسکر جیمس کی کتاب Reader’s Encyclopedia of Shakespeare کا ترجمہ ہے، جس کی تحقیق، ترجمے اور ترتیب کا فریضہ جناب اخلاق احمد قادری (پ: 1965ء) نے انجام دیا ہے۔ قادری صاحب تاریخ عالم پر گہری نظر رکھتے ہیں۔ تاریخ عالم پر ان کی متعدد کتابیں شائع ہوچکی ہیں۔ پیش نظر کتاب انسائیکلوپیڈیا اور مختلف موضوعات کی ڈکشنریوں کے سلسلے کی تیسری کتاب ہے۔ اس سے قبل ”تاریخ عالم کی ڈکشنری“ اور ”انسائیکلو پیڈک اسلامک ڈکشنری“ اشاعت پذیر ہوچکی ہیں۔
فاضل محقق نے کتاب کا مختصر تعارف ان الفاظ میں پیش کیا ہے:
”شیکسپیئر کے ڈراموں، کرداروں، نظموں، اس کی انسانی زندگی کے بارے میں گہری بصیرت، اس کے عہد اور اس کی زندگی، اس کے توصیف و تنقید نگاروں اور اس کے بارے میں لکھنے والوں، اس کے ڈراموں میں اداکاری کرنے والوں، ان تھیٹروں کہ جہاں شیکسپیئر کے ڈرامے اسٹیج کیے گئے اور اس کے بارے میں ناقدین کے مختلف خیالات اور آراء، جو گزشتہ پانچ صدیوں میں پیش کی گئیں… وہ سب کچھ جو شیکسپیئر کا ایک قاری اس کے بارے میں جاننا چاہتاہے۔“
کتاب کی ابتدا میں شیکسپیئر کے ڈراموں کی ایک فہرست بہ ترتیب حروفِ تہجی درج کی گئی ہے۔ اس کے بعد شیکسپیئر کے ڈراموں کے کرداروں کا تعارف، ڈراموں کا اردو ترجمہ اور آخر میں شیکسپیئر کی چند نظموں کے منظوم اردو تراجم شامل ہیں۔ اردو دان طبقے اور اردو زبان و ادب کے طالب علموں کے لیے یہ ایک مفید کتاب ہے۔ کتاب سلیقے سے شائع ہوئی ہے، البتہ قیمت کچھ زیادہ ہے۔