کورونا وبا کا فوری خاتمہ ناممکن

عالمی ادارئہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ کورونا وبا کا فوری خاتمہ ناممکن ہے اور نہ ہی ایسی کوئی امید نظر آرہی ہے، تاہم ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وائرس کی مزید قسمیں سامنے آئیں گی۔
خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق جنوبی افریقا میں کورونا ویکسین کی سہولیات اور تیاریوں کے جائزے کے وقت صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈبلیو ایچ او کی چیف سائنس دان سومیا سوامی ناتھن نے کہا کہ کورونا کے خاتمے کا کہنا غلط ہوگا کیونکہ یہ ابھی ناممکن نظر آرہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سائنسی اور طبی ماہرین نے کورونا کے تغیرات اور اس کی دیگر قسموں کا جائزہ لیا، جس میں یہ بات سامنے آئی کہ کورونا کی مزید قسمیں سامنے آئیں گی، جن کے لیے دنیا کو تیار رہنا چاہیے۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں اس وقت کورونا کی تغیر شدہ قسم اومی کورون تیزی سے پھیل رہی ہے، جو اب تک تو ہلاکت خیز ثابت نہیں ہوئی مگر اس کے پھیلنے کی شرح گزشتہ اقسام کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔