چیونگم کا طبی فائدہ؟

متعدد تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کسی بھی کام کے دوران چیونگم چبانے سے دماغی افعال جیسے ہوشیاری، یادداشت، فہم، اور قوتِ فیصلہ مزید بہتر ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ کچھ طلبہ پر ایک ٹرائل کیا گیا جس میں دیکھا گیا کہ جو طالب علم 7 سے 19 دن کے عرصے میں چیونگم چباتے رہے اُن میں ڈپریشن، گھبراہٹ اور ذہنی تناؤ کم تھا بہ نسبت اُن کے جو چیونگم نہیں چباتے تھے۔
اگرچہ ماہرین چیونگم کے ان دماغی اثرات کی وجہ جاننے سے قاصر ہیں، تاہم اُن کا ماننا ہے کہ چیونگم چبانے کے نیتجے میں خون کی رفتار دماغ میں بڑھ جاتی ہے جس کی وجہ سے دماغی افعال بہتر طور پر کام کرتے ہیں۔ جو لوگ وزن میں کمی کے خواہش مند ہیں، اُن کے لیے بھی چیونگم مددگار ثابت ہوسکتی ہے، کیونکہ چیونگم میں کیلوری بہت کم ہوتی ہے، اور کچھ ریسرچ یہاں تک کہتی ہیں کہ چونکہ چیونگم بھوک کے احساس کو ختم کرتی ہے، لہٰذا زیادہ کھانا کھانے کی خواہش بھی نہیں ہوتی۔ اس کے علاوہ حیرت انگیز طور پر کچھ ایسے شواہد بھی ماہرین کو ملے ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ چیونگم نظام تحول (metabolism) کو تیز کرتی ہے۔
دانتوں کی حفاظت اور سانسوں کی ناگوار بو: شوگر فری چیونگم چبانے سے آپ کے دانت خرابی سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ عام چیونگم میں موجود شوگر منہ کے ضرر رساں بیکٹیریا کی غذا بن جاتی ہے جس سے جراثیم تقویت پاکر دانتوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ اسی طرح چیونگم منہ سے آنے والی ناگوار بو کو بھی ختم کرتی ہے۔ دن کا اکثر حصہ بغیر دانتوں کو صاف کیے اور کھانے پینے میں گزرتا ہے جس سے منہ میں ایک بو پیدا ہوجاتی ہے، چیونگم یہ بو ختم کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔