کھاد کی ذخیرہ اندوزی

بابرجمال /محمد نعیم…فیصل آباد
حکومتِ پنجاب کی کمزور پالیسیوں کی وجہ سے تین ماہ گزرنے کے باوجود بلدیاتی اداروں کی یونین کونسلز کے عملے کو تنخواہ نہ مل سکی، جس کی وجہ سے سیکڑوں ملازمین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے۔ جبکہ ضلع کونسل کے ملازمین بھی 2ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے سخت پریشانی میں مبتلا ہیں۔ متاثرہ ملازمین کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں دکان داروں نے ادھار دینا بھی بند کردیا ہے، جس کی وجہ سے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوچکے ہیں، اگر ایک ہفتے کے اندر تنخواہیں نہ دی گئیں تو یونین کونسلز میں کام بند کردیں گے۔ لوکل گورنمنٹ اور میونسپل کارپوریشن تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے ایک دوسرے پر ملبہ ڈال رہے ہیں، اس حوالے سے سیکرٹریز اینڈ اسٹاف یونین کے عہدیداروں محمد خان کلو، فاروق بٹ، طارق محمود اور دیگر نے اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد ازجلد تنخواہوں کی ادائیگی کی جائے۔
کمشنر فیصل آباد زاہد حسین کی ہدایت پرفیصل آباد انتظامیہ کے مختلف اقدامات اور کارروائیاں پیر کو بھی جاری رہیں۔ محکمہ زراعت کی ٹیم نے جڑانوالہ میں گودام پر چھاپہ مار کر یوریا کھاد کی ذخیرہ کی گئی 200 بوریاں قبضے میں لے کر گودام کو سیل کرا دیا۔ محکمہ زراعت کی ٹیم نے اطلاع ملنے پر ٹائیگر لائن گودام کو چیک کیا تو وہاں یوریا کھاد کی بوریاں ذخیرہ کی گئی تھیں جو 2500 روپے فی بوری فروخت کی جارہی تھیں، جبکہ مقررہ قیمت 1768 روپے فی بوری ہے۔ اسی طرح ضلع کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے چینی سمیت کھانے پینے کی اشیا مہنگے داموں فروخت کرنے پر57 گراں فروشوں کو موقع پر ہی 93 ہزار روپے جرمانہ کیا۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مارکیٹوں وبازاروں میں روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں کو چیک کیا، اور بعض اشیا مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کرنے اور ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے پر پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت ایکشن لیا۔
ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام آرٹس کونسل کی پارکنگ میں قائم احساس بازار میں سوموار کے روز بھی مستحق خواتین، مردوں اور بچوں کو موسم سرما کی مناسبت سے معیاری گرم ملبوسات، جوتے، شالیں، لحاف، جرابیں، بچوں کے کپڑے، جیکٹس و دیگر سامان مفت فراہم کیا گیا۔ احساس بازار میں ملبوسات و دیگر اشیا کی فراہمی میں مخیر صنعت کار گروپس کی طرف سے بھرپور معاونت فراہم کی گئی ہے اور خواتین، مردوں اور بچوں کو سامان کی فراہمی کے لیے الگ الگ اسٹال قائم کیے گئے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی صاحب زادہ محمد یوسف نے بتایا کہ احساس بازار میں نظم وضبط کے ساتھ ساتھ کورونا ایس اوپیز پر بھی عمل درآمد کرایا جارہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر فیصل آباد علی شہزاد نے خود صفائی کی صورتِ حال کو چیک کیا۔سی ای او فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بلال فیروز جوئیہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرزکاشف رضا اعوان،ڈائریکٹر ہارٹی کلچر پی ایچ اے عبداللہ نثار چیمہ اور ایف ڈبلیو ایم سی ودیگرمحکموں کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے علاقوں میں ویسٹ ورکرز کی موجودگی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ شہر میں صفائی کا اعلیٰ ترین معیار ہمہ وقت قائم رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کا معیار بلند کرنے کے لیے مزید اقدامات بھی کیے جارہے ہیں تاکہ شہریوں کی توقعات کے مطابق شہر ہر لحاظ سے صاف ستھرا اور خوبصورت نظر آئے۔ انہوں نے کوڑا کرکٹ کو مناسب اور محفوظ انداز میں ٹھکانے لگانے اور ویسٹ ورکرز کی حاضری کی کڑی مانیٹرنگ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے گلی محلوں میں موجود مرد وخواتین سے عملۂ صفائی کی کارکردگی دریافت کی، اور بعض شکایات پر سی ای او کو فوری ایکشن لینے کی تاکید کی۔ ڈپٹی کمشنر نے پارکوں کا بھی دورہ کیا اور صفائی کی صورت حال کو مزید بہتر بنانے کی تاکید کی، انہوں نے کہا کہ پارکوں کا رخ کرنے والوں کو صاف ستھرا ماحول نظر آنا چاہیے۔
………………
اقبال ڈار…گوجرانوالہ
انسدادِ دہشت گردی عدالت نے سابق صدر بار کونسل زاہد گوندل کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے منڈی بہاء الدین میں جج کے ساتھ بدتمیزی و تشدد کے کیس کی سماعت کی۔ ملزم نے اپنی عبوری ضمانت واپس لے لی۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت نے سابق صدر بار زاہد گوندل کو گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملزم کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ عدالت نے زاہد سمیت تمام ملزمان کو دوبارہ 18 جنوری کو پیش کرنے کا حکم دیا۔زاہد گوندل و دیگر وکلا نے کنزیومر کورٹ کے جج راؤ عبدالجبار پر تشدد کیا تھا۔
فیروز والا کے ایک میرج ہال میں جیب کتروںنے بارات پر حملہ کردیا، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر گجرات سید وقار جاوید نقوی سمیت متعدد باراتیوں کی جیبیں کاٹ لیں۔بتایا گیا ہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز گجرات سید وقار جاوید نقوی اپنے قریبی عزیز کی بارات میں شریک تھے جہاں نامعلوم جیب کترے بھی گھس گئے اور شرکاء کی جیبوں کا صفایا کردیا۔ سید وقار جاوید کی طرف سے تھانے میں درج رپورٹ کے مطابق اُن کے بٹوے میں 13 ہزار روپے نقد، نیشنل بینک اور حبیب بینک اکائونٹس کے اے ٹی ایم کارڈ، شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس، ذاتی کار کا رجسٹریشن کارڈ اور دیگر قیمتی اشیاء تھیں۔ دیگر متاثرین سید انتظار حسین سکنہ کربلا سیداں اور سید خرم سجاد قیمتی موبائل فون سے محروم ہوگئے۔
………………
آصف مرزا…سیالکوٹ
حکومت کی طرف سے گزشتہ دنوں منی بجٹ کی منظوری اور بعض اشیاء پر سیلز ٹیکس کے نفاذ کے بعد سمبڑیال وگردونواح میں اشیائے خورونوش کی ہوش ربا قیمتوں کے باعث شہری بلبلا اٹھے ہیں۔ آٹا، گھی، خوردنی تیل، ہر قسم کی دالیں و دیگر اشیائے خورونوش قیمتوں میں انتہائی اضافے کے باعث شہریوں بالخصوص عام دہاڑی دار سفید پوش طبقے کی دسترس سے دور ہوکر رہ گئی ہیں۔ سبزیاں، پھل،گوشت، چکن فروخت کرنے والوں نے بھی منی بجٹ کے نام پر اپنے ریٹ خود ساختہ طور پر بڑھا لیے ہیں، حتیٰ کہ غریب آدمی کی انجوائے منٹ چائے کا کپ بھی کہیں پر 40روپے اورکہیں 50 روپے میں فروخت ہونا شروع ہوگیا ہے۔ گراں فروش مافیا بھی جن اشیاء پر حکومتی سیلز ٹیکس نافذ نہیں ہوا، منی بجٹ کی آڑ میں اُن اشیاء کی قیمتوں میں بھی من مانا اضافہ کرکے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہے۔ ملکی تاریخ کی بدترین مہنگائی پر سراپا احتجاج بنے شہریوں کا کہنا ہے کہ اوّل تو پہلے ہی مہنگائی نے ہمیں زندہ درگور کررکھا تھا، اوپر سے حکومت نے منی بجٹ میں رہی سہی کسر پوری کردی ہے اور اشیائے خورونوش کی قیمتیں ہماری قوتِ خرید سے یکسر باہر ہوچکی ہیں، جبکہ مقامی انتظامیہ منی بجٹ کے نام پر کی گئی خود ساختہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ٹھنڈے موسم میں گرم کمروں تک محدود ہوکر عوام الناس کے لٹنے کا تماشا دیکھ رہی ہے۔
مسلم لیگی رہنما خواجہ آصف نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے پاکستان کے خواب نے سب کچھ تباہ کردیا۔ پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے والے بھی اپنے ہاتھ کاٹ رہے ہیں،

آصف مرزا…سیالکوٹ
جب کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ منی بجٹ کو روکنے کی بہت کوشش کی لیکن وہ پاس ہوگیا، جس کے بعد بجلی، تیل اور گیس کی قیمتیں بڑھ گئیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کو فنانس کرنے والے لوگ پوری قوم سے قیمت وصول کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے فنانسروں کو قوم کو لوٹنے کی کھلی چھوٹ دی ہوئی ہے۔انہوںنے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ملکی حالات وقت کے ساتھ ساتھ گمبھیر ہوتے جارہے ہیں جب کہ حکومتی پارٹی میں بہت زیادہ دراڑیں پڑ چکی ہیں۔ پی ٹی آئی کے لوگ بھی عمران خان کی جان کو رو رہے ہیں۔ عمران خان کہتے تھے کہ قرض نہیں لوں گا خودکشی کرلوں گا، آج ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ قرض لیے گئے ہیں۔ سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ نوازشریف کا بیانیہ ’ووٹ کو عزت دو‘ ہے جس کا مطلب ہے کہ قانون کی حکمرانی ہو۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہرالیکشن میں ہمارے حقوق اور ووٹوں کو چوری کرلیا جاتا ہے۔