سانحہ سیالکوٹ: 85 ملزمان نامزد نئے سری لنکن منیجر کی تقرری

سانحہ سیالکوٹ میں پریانتھا کمارا کی ہلاکت کے بعد نئے سری لنکن منیجر اسانکا فرنینڈو نے فیکٹری کا چارج سنبھال لیا۔ نئے سری لنکن منیجر کو پریانتھا کمارا کے متبادل پروڈکٹ ڈویلپمنٹ منیجر بھرتی کیا گیا۔ فیکٹری مالک اعجاز بھٹی نے واقعے کے چند روز بعد ہی سری لنکا کا دورہ کیا تھا اور پریانتھا کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کیا تھا۔ فیکٹری مالک نے دورے کے بعد اعلان کیا تھا کہ پریانتھا کمارا کا متبادل سری لنکن باشندہ ہی ہوگا۔ ذرائع کے مطابق اسانکا فرنینڈو نے چارج سنبھال کر معمول کے مطابق کام شروع کردیا ہے۔ سانحہ سیالکوٹ جس میں سری لنکن منیجر کو قتل کردیا گیا تھا، عوام کی جانب سے مقتول کے اہلِ خاندان کے ساتھ بھرپور ہمدردی کا مظاہرہ کیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد سری لنکن وزیراعظم مہندرا راجا پاکسے نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ انہیں یقین ہے وزیراعظم عمران خان ذمے داروں کو کٹہرے میں لائیں گے۔ انہوں نے لکھا کہ سری لنکن منیجر کے پاکستان میں قتل پر صدمے میں ہوں، میری ہمدردی مقتول کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہے۔ وزیراعظم مہندرا راجا پاکسے نے کہا کہ سری لنکا اور اس کے عوام کو وزیراعظم عمران خان پر یقین ہے کہ وہ ذمے داروں کو کٹہرے میں لائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے آنجہانی پریانتھاکمارا کی فیملی کو ہمیشہ کے لیے ہر ماہ تنخواہ دینے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے آنجہانی پریانتھا کمارا کے تعزیتی ریفرنس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری نے ایک لاکھ ڈالر اکٹھے کیے جو پریانتھا کی فیملی کو بھجوائیں گے۔ سیالکوٹ میں سری لنکا کے شہری کو زندہ جلانے کے مقدمے میں اہم پیش رفت یہ ہوئی ہے کہ پولیس نے مقدمے کا ابتدائی چالان تیار کرلیا ہے، جس میں 85 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے تیار کیے گئے چالان میں 10 سے 12 مرکزی ملزمان قرار دیئے گئے، مرکزی ملزمان میں فیکٹری کے متعدد ملازمین شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق مرکزی ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت دیگر شواہد سے شناخت کیا گیا، جبکہ چالان میں مرکزی ملزمان کا کردار تحریر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ چالان میں ملزمان کی فرانزک رپورٹس بھی منسلک کی گئی ہے۔