وزیراعلیٰ انٹرن شپ پروگرام میڈیا گریجویٹس کو اسناد کی تقسیم

سابق سیکرٹری فنانس انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی ملک مجدد سلیمان نے کہا ہے کہ آٹھ بازاروں میں گاڑیوں کی پارکنگ سنگین مسئلہ بن چکا ہے، اس لیے پارکنگ پلازہ تعمیر کیے جائیں اور تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے۔ ٹریفک پولیس بھی اپنی ذمے داری پوری کرے، شہر کے ٹریفک اشاروں کی درستی کی جائے۔ انہوں نے پُرزور مطالبہ کیا کہ شہر میں پارکنگ پلازوں کی تعمیر کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ لاکھوں کی آبادی والے شہر میں ٹریفک نظام میں بہتری آسکے اور لوگوں کی مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔ انہوں نے کوتوالی روڈ پر سابق میئر ہائوس کی جگہ پارکنگ پلازہ کے مجوزہ منصوبے میں تاخیر پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، کیونکہ کئی ماہ گزر جانے کے باوجود پارکنگ پلازہ کے لیے ابھی کھدائی کا مرحلہ بھی مکمل نہیں ہوا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صنعت کاروں، تاجروں، عام دکان داروں اور دیگر لوگوں کی سہولت اور ٹریفک کے بگڑتے نظام پر قابو پانے کے لیے پارکنگ پلازوں کی تعمیر اشد ضروری ہے، اس سلسلے میں صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ خصوصی فنڈز جاری کرے، نیز کوتوالی روڈ پر تاخیر کا شکار منصوبہ بھی جلد از جلد پایۂ تکمیل تک پہنچایا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈی جی پی آر کے زیر اہتمام چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کے تحت ضلع فیصل آباد کے میڈیا گریجویٹس میں سرٹیفکیٹ اورچیک تقسیم کیے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سی ایم آفس میں منعقدہ چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کا دائرۂ کار مزید بڑھائیں گے۔ کمیونی کیشن اور میڈیا سے متعلق جدید تکنیک، ابلاغی ماڈل اور ریسرچ سے آگاہی ضروری امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کا مقصد میڈیا گریجویٹس کو میڈیا اور کمیونی کیشن کے جدید تقاضوں سے روشناس کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی پی آر کی ٹریننگ عملی زندگی میں نوجوانوں کے لیے مفید ثابت ہوگی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب میں اطلاعاتی، صحافتی اور ثقافتی اقدار کی ترویج و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے۔ ڈی جی پی آر سے تربیت یافتہ میڈیا گریجویٹس صحافتی اور اخلاقی اقدار کو پیش نظر رکھتے ہوئے عملی زندگی میں قدم رکھیں گے۔ چیف منسٹر انٹرن شپ پاکستان کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا انٹرن شپ پراجیکٹ ہے۔ ڈی جی پی آرکا ادارہ حکومت کی کارکردگی کو عوام تک پہنچانے میں قابلِ قدر کردار ادا کررہا ہے۔ نوجوان میڈیا پرسنز کو فرائض کی انجام دہی میں معروضیت کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ حقائق کو من وعن پیش کرنا میڈیا پرسن کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی پی آر کے زیراہتمام انٹرن شپ پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے والے گریجویٹ مبارک باد کے مستحق ہیں۔ سیکرٹری اطلاعات راجا جہانگیر انور نے کہا کہ چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام میں 50فیصد کوٹہ طالبات اور 10فیصد ورکنگ جرنلسٹس کے بچوں کے لیے مختص ہے۔ چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کے لیے 7ہزار امیدوار تھے۔ ہر ضلع سے میرٹ پر کم ازکم دو طلبہ کو منتخب کیا گیا۔ فیصل آباد سے انٹرنیز مریم جاوید، ہما حق نواز اور راشد خالد نے چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ نے انٹرن شپ پروگرام شروع کرکے ہمارے دل جیت لیے ہیں۔ دورافتادہ علاقے کے میڈیا گریجویٹس کو ٹریننگ کے مواقع فراہم کرنا پی ٹی آئی حکومت کا اعزاز ہے۔ میڈیا گریجویٹس نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت طلبہ کی فلاح و بہبود اور ان کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انٹرن شپ پروگرام سے ہماری پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید نکھار آئے گا۔ انفارمیشن آفس فیصل آباد میں چیف منسٹر پنجاب انٹرن شپ پروگرام کے دوران بہت کچھ سیکھا۔ پرنٹ و الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے بارے میں جو عملی تربیت حاصل ہوئی ہے وہ قابلِ فخر ہے۔ پنجاب حکومت نے میرٹ کی بنیاد پر یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل میڈیا گریجویٹس کو پیڈ انٹرن شپ کا جو موقع فراہم کیا اس پر ہم وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کے تہِ دل سے مشکور ہیں۔