کتاب
:
آیتون آھین…!
(بزبانِ سندھی)
(شاہ جی رسالی مہ قرانی آیتون، رسول اللہؐ جا فرمان ئِ عربی چوٹیون)
تحقیق، تشریح اور تخریج
:
ڈاکٹر صبغت اللہ بھٹو
صفحات
:
183 قیمت:300 روپے
مطبع
:
مہران اکیڈمی، واگنودر شکارپور
فون
:
0726-540021
مہران اکیڈمی شکارپور کی جانب سے زیر تبصرہ کتاب ایک شاندار اور قابلِ تحسین کاوش ہے، اور سچ تو یہ ہے کہ اس میں شامل عمدہ لوازمہ کی بنا پر اسے بلامبالغہ ایک نادر و نایاب کتاب قرار دیا جاسکتا ہے۔ اس کتاب میں سندھی زبان کے عظیم شاعر شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے رسالے میں موجود قرآن پاک کی آیات، احادیث اور عربی کہاوتوں اور ضرب الامثال پر تحقیق کی گئی ہے۔ فاضل مصنف نے محنتِ شاقہ کے بعد اس حوالے سے 138 آیات، 142 احادیثِ مبارکہ اور 30 عربی کہاوتوں پر تحقیق کی ہے۔ ہر آیت اور حدیث کی نہ صرف تخریج کی گئی ہے بلکہ اِن موجود مضامین پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔ یہ احادیث اور آیاتِ قرآنی رسالے کے 19 سُروں میں ملتی ہیں۔ اس لیے ہر ایک سُر کا الگ الگ تجزیہ کرنے کے ساتھ ساتھ رسالے میں اس حوالے سے عناوین پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔ کتاب میں شامل مواد کے مطالعے کے بعد قاری پر بخوبی یہ امر واضح ہوجاتا ہے کہ بھٹائیؒ نے اپنی شاعری کے بارے میں جو کچھ فرمایا ہے وہ بالکل سچ ہے۔
(سندھی سے ترجمہ) ’’میرے اشعار تو دراصل آیاتِ ِقرآنی کی تشریح ہیں۔ اگر آپ انہیں بہ غور پڑھیں گے تو آپ پر حقیقت آشکار ہوجائے گی۔ مفہوم)
کتاب کے مصنف حافظ ڈاکٹر صبغت اللہ بھٹو سندھ یونیورسٹی جامشورو میں اسسٹنٹ پروفیسر ہیں، موصوف نے اپنی یہ قابلِ قدر علمی اور ادبی کاوش اپنے مرحوم والدین کے نام منسوب کی ہے۔ ڈائریکٹر مہران اکیڈمی پروفیسر قمر میمن اس قیمتی مواد کی حامل کتاب پر داد کے مستحق ہیں۔ کتاب عمدگی اور نفاست کے ساتھ شائع کی گئی ہے۔ یہ کتاب بلاشبہ شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کی شاعری کے عشاق کے لیے ایک بیش بہا تحفہ ہے۔ اس دورِ گرانی میں کتاب کی قیمت بھی مناسب رکھی گئی ہے۔