فیصل آباد:صدر سبزی و فروٹ منڈی کا وزیراعلیٰ پنجاب سے سڑکوں کی تعمیر کے لیے خصوصی فنڈ کا مطالبہ

صدر انجمن آڑھتیاں سبزی و فروٹ منڈی سدھار میاں عامر حنیف نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے مطالبہ کیا ہے کہ فیصل آباد کی تمام شکستہ حال سڑکوں کی تعمیر کے لیے خصوصی فنڈ جاری کیے جائیں۔ فیصل آباد اور مضافاتی علاقہ جات کی سڑکیں عرصۂ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، اور کئی کئی فٹ گڑھے پڑ چکے ہیں، جس کے باعث لوگوں کو آمد ورفت میں مشکل ہے، اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ جڑانوالہ مکوآنہ روڈ سمیت سرگودھا روڈ، چنیوٹ روڈ کی حالتِ زار قابلِ رحم ہوچکی ہے۔ اس سلسلے میں ڈویژن اور ضلعی انتظامیہ سمیت منتخب عوامی نمائندوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے جھنگ روڈ سدھار کے قریب سڑک کی تعمیر کا کام جلد مکمل کرنے اور وی آئی پی جھنگ روڈ کے دونوں طرف گریزی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد شہر میں ٹریفک کا رش کم کرنے کے لیے مزید انڈر پاس بنائے جائیں، ٹریفک وارڈنز کی کارکردگی میں بہتری لائی جائے اور شہر کے تمام خراب ٹریفک سگنلوں کی فوری درستی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
فیصل آباد پریس کلب کے سالانہ انتخابات برائے سال 2022-23ء کے لیے الیکشن کمیٹی کے چیئرمین میاں بشیر احمد اعجاز نے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ میاں بشیر احمد اعجاز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیٹی کے ممبرز شوکت وٹو، شاہد نسیم چودھری، مسعود احمد بھٹہ، رانا سجاد علی،کامران عالم، حمیرا چودھری نے شرکت کی۔ کمیٹی نے فیصل آباد پریس کلب کے سالانہ انتخابات23۔2022ء کے الیکشن شیڈول کی منظوری دی، جس کے مطابق امیدواران کاغذاتِ نامزدگی 23 دسمبر سے 25 دسمبر صبح دس بجے سے شام چار بجے تک پریس کلب میں کمیٹی سے حاصل کرکے جمع کرا سکیں گے، الیکشن میں حصہ لینے والے عہدیداران کے لیے فیس2500 روپے جبکہ ایگزیکٹو باڈی کے امیدواران کے لیے 1500روپے ہوگی جو کہ ناقابلِ واپسی ہوگی۔ 25دسمبر شام پانچ بجے کاغذات جمع کروانے والے امیدواران کی فہرست پریس کلب میں آویزاں کردی جائے گی، جس پر اعتراضات 26 دسمبر شام4چار بجے تک وصول کیے جائیں گے۔ اعتراضات پر سماعت کے بعد الیکشن کمیٹی 27دسمبرکو شام چار بجے تک امیدواروں کی فہرست جاری کرے گی، 27 دسمبر شام 5 بجے تک امیدوار کاغذات واپس لے سکیں گے اور اس دن شام 6بجے تک امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی جائے گی، ہر ممبر کے لیے لازم ہوگا کہ ووٹ ڈالنے سے قبل کلب کی سالانہ فیس تین سو روپے بھی جمع کرائے۔ پولنگ 3جنوری2022ء بروز پیر صبح 9بجے سے شام 5 بجے تک پریس کلب میں ہوگی۔