مختصر اور کم خرچ ایم آر آئی مشین کی ایجاد

چینی سائنس دانوں نے دماغ کے اندرونی حصوں کا جائزہ لینے کےلیے ایک ایسی کم خرچ، مختصر اور ’’پہیوں والی‘‘ ایم آر آئی مشین ایجاد کرلی ہے جسے بہ آسانی ایک سے دوسری جگہ لے جایا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ ’’میگنیٹک ریزونینس امیجنگ‘‘ (ایم آر آئی) مشینوں سے جسم کے اُن اندرونی حصوں کا مشاہدہ کیا جاتا ہے جنہیں دیکھنا اور ان کا عکس حاصل کرنا الٹراساؤنڈ، ایکسرے اور سی ٹی اسکین وغیرہ جیسے طریقوں سے بھی ممکن نہیں ہوتا۔ ایم آر آئی مشین میں طاقتور مقناطیسی میدان اور ریڈیو لہروں کی مدد سے اندرونی جسمانی حصوں کی تفصیلی تصاویر لی جاتی ہیں، جنہیں دیکھ کر بیماری کی نوعیت اور شدت کا پتا لگایا جاتا ہے۔ ایم آر آئی سے جسم کے کسی بھی اندرونی حصے کو دیکھا جاسکتا ہے، لیکن اندرونی چوٹوں اور بیماریوں سے متاثر ہونے والے دماغی حصوں کا معائنہ کرنے میں اس کا زیادہ استعمال ہوتا ہے۔