روزانہ کی بنیاد پر غذا میں ایک عام احتیاط کے ذریعے جان لیوا ہارٹ اٹیک کا خطرہ نمایاں حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔ یہ انتباہ ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا جس کے مطابق الٹرا پراسیس غذائیں کھانے کی عادت ہارٹ اٹیک یا فالج کا باعث بن سکتی ہے، بالخصوص دل کی شریانوں سے جُڑے امراض کے شکار افراد میں یہ دورے جان لیوا ثابت ہوسکتے ہیں۔ الٹرا پراسیس غذاؤں کی اصطلاح متعدد مصنوعات کے لیے استعمال ہوتی ہے جیسے ڈبل روٹی، فاسٹ فوڈز، مٹھائیاں، ٹافیاں، کیک، نمکین اشیا اور بریک فاسٹ سیرلز، چکن اور فش نگٹس، انسٹنٹ نوڈلز، میٹھے مشروبات اور سوڈا وغیرہ۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ الٹرا پراسیس غذائیں کھانے کے عادی افراد میں دوسرے ہارٹ اٹیک یا فالج کے دورے کا خطرہ دو تہائی حد تک بڑھ جاتا ہے اور اس بار وہ جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔ محققین نے بتایا کہ جتنی زیادہ مقدار میں الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال ہوگا، جان لیوا امراض کا خطرہ اتنا زیادہ بڑھ جائے گا۔ اس کے مقابلے میں گریوں، مچھلی، زیتون کے تیل، پھلوں، سبزیوں اور اناج کا زیادہ استعمال، جبکہ سرخ گوشت کا کم استعمال اس خطرے کو کم کرتا ہے۔