سیالکوٹ:اسموگ آگاہی تقریب ،ایوان صنعت و تجارت کے تحت تقریب سے ڈپٹی کمشنر کا خطاب

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق نے کہا ہے کہ ایوانِ صنعت وتجارت کے تعاون سے اسموگ سے نمٹنے کے لیے طویل المیعاد حکمت عملی پر کام کے لیے تیار ہیں، کیونکہ شہر میں 2 ہزار انڈسٹریل یونٹ ہیں جن میں ماحول دوست اقدامات کی گنجائش ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایوانِ صنعت وتجارت سیالکوٹ میں اسموگ کے سلسلے میں منعقدہ آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسموگ کی آفت سے نمٹنے کے لیے فضائی آلودگی کا باعث بننے والی ایسی انڈسٹریز کو جو براہِ راست فضا میں دھواں چھوڑتی ہیں، جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا۔ اسی طرح فصلوں کی باقیات کو جلانے، ملاوٹ والا فیول، دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں اور انفرااسٹرکچر میں گرد وغبار کے تناسب پر قابو پانے کے لیے سب اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ فضائی آلودگی کے تدارک کے لیے گرین بیلٹس اور تمام پارکس کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے، خواجہ صفدر روڈ پر واقع کشمیر پارک جلد عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈی او ماحولیات امتیاز احمد، نائب صدر چیمبر آف کامرس قاسم ملک،کلین گرین چیمپئن اشفاق نذر، سید احتشام، اعجاز غوری، مریم خواجہ اور شیخ عامر بھی موجود تھے۔
٭مسقط عمان میں 20 ملکوں کے درمیان نیزہ بازی کے مقابلوں میں پاکستان کے کھلاڑیوں عرفان احمد وٹو اور ناصر عباس نے منیجر ذوالفقار باگڑی کی قیادت میں 2 گولڈ، 2 کانسی اور ایک سلور میڈل حاصل کیا۔ ایئرپورٹ پر ونگ کمانڈر رینجرز کرنل نجیب اللہ، کرنل ریٹائرڈ ساجد ابرار باگڑی، ڈاکٹر محمد فاروق صدر ESP، اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال حیدر عباس، چیف آفیسر بلدیہ سمبڑیال وقاص ہرل، صدر کبڈی فیڈریشن ضلع سیالکوٹ زاہد نسیم گھمن، قیصر مصطفیٰ سندھو، خلیل احمد باجوہ، محمد فہد چیمہ اور دوسرے استقبال کرنے والوں میں شامل تھے۔