ـ37 ہزار بچوں کے کٹے ہونٹ اور تالو کی ہڈی کا مفت آپریشن کرنے والا ڈاکٹر

بھارت میں ایک ڈاکٹر نے 37 ہزار بچوں کے کٹے ہونٹ اور تالو کی ہڈی کے نقص کو دور کرنے کے لیے مفت آپریشن کیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کٹے ہوئے ہونٹ اور تالو کی ہڈی جیسے نقائص پیدائشی ہوتے ہیں اور یہ ماؤں میں حمل کے دوران ٹھیک طرح سے بن نہیں پاتے۔ پیدائشی نقائص ان بچوں میں مختلف قسم کے مسائل کا سبب بنتے ہیں، جو کم سن بچوں میں ماؤں کا دودھ نہ پینے کی صلاحیت سے لے کر بلوغت کی زندگی میں لوگوں کے دل دُکھانے والے جملوں اور امتیازی رویوں کی شکل میں سامنے آتے ہیں۔ تاہم پلاسٹک سرجری کی مدد سے ان دونوں پیدائشی نقائص کو درست کیا جاسکتا ہے، لیکن بدقسمتی سے سرجری کی یہ مہنگی سہولت غریب خاندانوں کو میسر نہیں، حالانکہ ان کو ہی اس کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ تاہم اسی قسم کے لوگوں کے لیے ڈاکٹر سبودھ کمار سنگھ روشنی کی ایک کرن بن گئے ہیں۔ یوپی کے ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر سبودھ سنگھ کو بھی بچپن میں مشکل صورت حال کا سامنا رہا جس کے باعث انھوں نے اپنا کیریئر ایسے لوگوں کے لیے وقف کردیا ہے اور پیسے کمانے کے بجائے محروم اور مجبور لوگوں کی زندگی میں بہتری اور خوشیوں کو اپنا معاوضہ سمجھتے ہیں۔