الصدیق صوابی

مجلہ
:
سہ ماہی الصدیق صوابی
مدیر مسئول
:
حضرت مولانا عبدالرئوف بادشاہ
مدیر
:
منفعت احمد
نائب مدیر
:
محمد اسلام حقانی
صفحات
:
144 قیمت فی شمارہ: 100 روپے
ناشر
:
معہدالصدیق للدراسات الاسلامیۃ
بام خیل، صوابی خیبرپختون خوا
فون
:
0313-9803280-0345-9506009
ای میل
:
alsiddiq2016@gmail.com

تحقیق میں ندرت اور تنوع کا حامل علمی، تحقیقی، اصلاحی مجلہ سہ ماہی الصدیق صوابی کا جلد5 شمارہ1 محرم الحرام تاریخ الاول/ اگست تا اکتوبر 2021ء زیر نظر ہے۔ مدیر جناب منفعت احمد اداریے میں تحریر فرماتے ہیں:
’’ہر ذی شعور مومن مسلمان پر یہ حقیقت روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ عصرِ حاضر میں جان لیوا فتنوں سے زیادہ ایمان لیوا فتنوں کی بھرمار ہے، ایک راسخ العقیدہ اور پختہ ایمان والے کے لیے جان کا نقصان کوئی اتنا بڑا خسارہ نہیں، لیکن ایمان کا نقصان عظیم خسارہ ہے۔ فتنے تو خلافتِ راشدہ کے ختم ہوتے ہی رونما ہونا شروع ہوئے تھے، تاہم سترہویں صدی کے بعد پوری دنیا پر مغرب، مغربی تہذیب اور مغربی افکار کے غلبے کے نتیجے میں اب امتِ مسلمہ کی جو حالت ہم دیکھ رہے ہیں کہ آئے روزکسی نئے رنگ و روپ میں ایسے فتنے رونما ہورہے ہیں جو مسلمانوں کے لیے ایمان لیوا اور گمراہ کن ثابت ہورہے ہیں۔
ان میں سے بعض فتنے وہ ہیں جن کا تعلق اعمال سے ہے اور مسلمان آئے روز ان کا شکار ہوتے جارہے ہیں، جیسے چغل خوری، بددیانتی، شراب نوشی، زنا کاری، بے حیائی، فحاشی، بدنظری، جھوٹی گواہی، بے پردگی، کذب بیانی، خودنمائی، سودخوری، قتل و غارت گری، جوا، ریاکاری، حُبِّ مال، حُبِّ جاہ، رشوت، ظلم وغیرہ… یہ سب وہ کبیرہ گناہ ہیں جن کی رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم نے چودہ سو سال پہلے واقع ہونے کی پیشن گوئی فرمائی تھی جو آج پوری ہوتی نظر آرہی ہے، اور بعض فتنے وہ ہیں جن کا تعلق علم سے ہے، جو عقلیت پرستی کی بنیاد پر رونما ہوتے ہیں۔ تاریخ اسلام کے اوراق سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ یہ فتنے رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ مبارکہ کے آخری ایام میں اپنے پر پھیلانے لگے، جس کی تفصیلات یہاں بیان کرنا ضروری نہیں، تاہم سترہویں صدی کے بعد وہی عقلیت پرستی کی کوکھ سے جنم لینے والے فتنے اب نئی شکل و صورت میں امتِ مسلمہ کے نوجوانوں کو گمراہی کے گڑھے میں دھکیل رہے ہیں اور شعوری و لاشعوری طور پر مسلمان ان کا شکار ہورہے ہیں اور مومنین کے ایمان پر ڈاکا ڈالنے کی ناپاک جسارت کی جارہی ہیں۔ چونکہ عقلیت پسندی کی بنیاد پر رونما ہونے والے فتنوں کا اثر انسان کے عقیدہ و ایمان پر ہوتا ہے، جس کے سبب انسان اپنی زندگی کے قیمتی سرمائے (ایمان) سے ہاتھ دھو بیٹھتا ہے، اس لیے ایک مومن مسلمان کے لیے اپنے عصر کے فتنوں سے آگاہی اور واقفیت ازحد ضروری ہے تاکہ ایمان صحیح اور سالم رہے‘‘۔
اس شمارے میں بہت ہی قیمتی مقالات اور مضامین شامل کیے گئے ہیں جن کو پڑھنے سے علم حاصل ہوتا ہے:
عصرِ فتن میں حفاظتِ ایمان اور ثابت قدمی:مدیرکے قلم سے، ذکر اللہ کی حقیقت: مولانا عبدالرئوف بادشاہ، مفتی محمد فرید زروبومیؒ: فقہی خدمات اور منہج: مولانا محمد کامران ہوتی، علمِ کلام کا ایک نہایت ضروری باب: دینیات: مفتی عبیدالرحمٰن، مورگیج کے ذریعے گھر کی خریداری: مفتی عبدالوہاب، وحدتِ ادیان کا نظریہ۔ ایک جائزہ: مولانا ذکی الرحمٰن غازیؔ، زہد کی حقیقت: حافظ حامد کمال الدین، جدیدیت۔ ایک تاریخی تناظر: ڈاکٹر محمد رشید ارشدؔ،ٹیکنو سائنس۔ ایک تجزیہ: ڈاکٹر سید ذیشان ارشدؔ، جدید استشراق۔ ایک جائزہ: جناب صابر علی، اسلام میں اعتدال پسندی۔ فکری ابہام پر ایک نظر: ڈاکٹر علی محمد رضویؔ، خیال سے تحریر تک: نیاز احمد سواتی، ڈرائیور کو گاڑی اجارہ پر دینا: دارالافتا، کتاب شناسی: مبصر کے قلم سے
مجلہ سفید کاغذ پر خوب صورت طبع ہوا ہے۔ اتنی کم قیمت پر شایدہی کوئی مجلہ ہو۔